گیا، 26 مئی (یو این آئی) بہار میں حکمراں جنتا دل یونائٹیڈ کے گیا ضلع صدر کے گھر آج پارسل بم پھٹنے سے ایک شخص کی موت ہوگئی جب کہ ایک دیگر بری طرح زخمی ہوگیا۔
پولیس نے بتایا کہ گیا شہر کے چندوتی تھانہ علاقہ کے کجاپاتی گاوں کے رہنے والے اور جنتا دل یو گیا ضلع کے صدر ابھے کشواہا کے گھر پر نامعلوم افراد کے ذریعہ آج صبح ایک پارسل بھیجا گیا۔ جیسے ہی گھر کے لوگوں نے پارسل کھولا تو اچانک دھماکہ ہوگیا۔ جس سے کشواہا کے گھر میں کام کرنے والا ایک ملازم سنتوش کمار کی موقع پر ہی موت ہوگئی جب کہ ان کا برادر نسبتی جے ہند کمار بری طرح زخمی ہوگیا۔زخمی جے ہند کو انوگرہ نارائن میڈیکل کالج میں داخلہ کرایا گیا ہے ۔
پولیس نے بتایا کہ معاملے کی تفتیش شروع کردی گئی ہے ۔اس دوران ابھے کشواہا کے بڑے بھائی اجے کشواہا نے بتایا کہ پارسل پر ابھے کا نام لکھا ہوا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ان کے بھائی کو جان سے مارنے کی سازش رچی گئی تھی۔ حالانکہ انہوں نے کسی کے ساتھ ذاتی دشمنی کی بات سے انکار کیا۔