دبئی۔ انگلینڈ کی پہلے ٹسٹ میچ میں نیوزی لینڈ پر 124 رن کی جیت میں اہم کردار ادا کرنے والے بین اسٹوکس نے آئی سی سی ٹسٹ پلیئر درجہ بندی کے تینوں حصوں میں لمبی چھلانگ لگائی ہے جبکہ ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی پہلے کی طرح دسویں مقام پر بنے ہوئے ہیں۔انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان لاڈرس ٹسٹ میچ کے اختتام کے بعد آئی سی سی جو درجہ بندی جاری کی ہے اس میں کوہلی اوپر دس میں شامل واحد ہندوستانی بلے باز ہیں۔ ان کے بعد مرلی وجے24 ویں، چتیشور پجارا 25 ویں اور رہانے 26 ویں کا نمبر آتا ہے۔اسٹوکس نے 92 اور 101 رنز کی دو لاجواب بہترین اننگ کھیلی۔ اس کے علاوہ انہوں نے آخری تین 38 رن دے کر تین وکٹ بھی لئے۔ اس سے انہیں نہ صرف مین آف دی میچ منتخب کیا گیا بلکہ انہیں درجہ بندی میں بھی کافی فائدہ پہنچا۔ا سٹوکس بلے بازی کی درجہ بندی میں 27 پائیدان کی طویل چھلانگ لگا کر 44 ویں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ گیند بازوں کی فہرست میں وہ چار پائیدان آگے 51 ویں اور آل رائونڈروں میں 12 پائیدان اوپر 13 ویں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ تینوں حصوں میں انہوں نے اپنے کیریئر کی بہترین درجہ بندی حاصل کی۔انگلینڈ کیلئے ایک اچھی خبر یہ رہی کہ نائب کپتان جو روٹ پہلی بار سب سے اوپر پانچ بلے بازوں میں شامل ہونے میں کامیاب رہے۔ روٹ نے 98 اور 84 رن کی دو بہترین اننگ کھیلی اور وہ تین پائیدان چڑھ کر پانچویں مقام پر پہنچ گئے۔ وہ آسٹریلیا کے اسٹیون اسمتھ سے صرف ایک پوائنٹ پیچھے ہیں۔انگلینڈ کے کپتان ایلسٹیر کک اپنی 162
رنز کی اننگز کی بدولت پھر سے اوپر 20 میں شامل ہو گئے ہیں۔ وہ چھ پائیدان اوپر چڑھ کر 18 ویں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ دیگر بلے بازوں میں جوس بٹلر نو اور معین علی 13 پائیدان کے فوائد کے ساتھ بالترتیب 56 ویں اور 78 ویں مقام پر قابض ہو گئے ہیں۔نیوزی لینڈ کین ولیمسن پہلے کی طرح چھٹے مقام پر بنے ہوئے ہیں لیکن ان کی درجہ بندی پوائنٹس کی تعداد بڑھ کر 860 تک پہنچ گئی ہے۔ بی جے واٹلنگ پانچ پائیدان آگے 35 ویں اور کوری اینڈرسن سات پائیدان اوپر 76 ویں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔گیند بازوں کی فہرست میں ہندوستان کا کوئی بھی گیندباز اوپر دس میں شامل نہیں ہے۔ روی چندرن اشون 13 ویں مقام پر ہیں اور اس طرح سے ہندوستان کے نمبر ایک بولر بنے ہوئے ہیں۔ اشون آل رائونڈروں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر برقرار ہے۔ اس فہرست میں ان سے آگے بنگلہ دیش کے شاقب الحسن اور جنوبی افریقہ کے ورنون فلینڈر ہیں۔نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ نے اپنے کیریئر کی بہترین درجہ بندی حاصل کی ہے۔ وہ رنگنا ہیراتھ اور مشیل جانسن کو پیچھے چھوڑ کر چوتھے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ ڈیل اسٹین اب بھی گیند بازی کی درجہ بندی میں سب سے اوپر پر قابض ہیں۔ ان کے بعد جیمز اینڈرسن اور ریان ہیرس کا نمبر آتا ہے۔اس درمیان انگلینڈ اگر 29 مئی سے ہیڈگلے میں شروع ہونے والے دوسرے ٹسٹ میچ کو جیت لیتا ہے یا ڈرا کرا دیتا ہے تو نیوزی لینڈ کے چار پائیدان نیچے ساتویں مقام پر کھسک جائے گا اور اس کی جگہ انگلینڈ تیسرے مقام پر پہنچ جائے گا۔ اگر نیوزی لینڈ میچ جیت لیتا ہے تب بھی وہ چوتھے نمبر پر کھسک جائے گا اور ہندوستان تیسرے نمبر پر قابض ہو جائے گا۔ ابھی ہندوستان اور نیوزی لینڈ کی طرح 99 پوائنٹس ہیں لیکن کیوی ٹیم اعشاریہ میں حساب کرنے پر آگے ہے۔