کیلی فورنیا: کیا امریکی ریاست کیلی فورنیا میں مقامی وقت کے مطابق کل سہ پہر ساڑھے چار بجے 9.8 شدت کا زلزلہ آنے والا ہے؟
ڈچ ریسرچر فرینک ہوگربيٹس کی اس پیش گوئی نے امریکا میں ہلچل پیدا کررکھی ہے، جسے جیولوجیکل ماہرین اور سائنسدانوں نے مسترد کردیا ہے۔
فرینک ہوگربیٹس کا کہنا ہے کہ کل مقامی وقت کے مطابق جمعہ کی سہہ پہر ساڑھے چار بجے زمین اور چاند کی حالت میں زبردست تغیر پیدا ہوگ
ا۔
ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق فرینک نے اس سلسلے میں یوٹیوب پر ایک ویڈیو بھی جاری کی ہے، جسے اب تک دنیا بھر میں کروڑوں افراد دیکھ چکے ہیں۔
تاہم دیگر ماہرین نے دلیل دی ہے کہ فرینک زمین اور چاند کی حالت میں جس تغیر وتبدل کی پیشگوئی کررہے ہیں، وہ کسی صورت ممکن نہیں ہے۔
فرینک نے اپنے یو ٹیوب ویڈیو میں پیشن گوئی کی ہے کہ کیلی فورنیا سمندر میں غرق ہوجائے گا۔
تاہم ماہرین نے اس کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے ایسا اس صورت میں ہی ممکن ہے جبکہ ہمارے تصور سے بھی کہیں زیادہ شدت کا سونامی طوفان کیلی فورنیا کو نشانہ بنائے۔
فرینک ہوگربیٹس نے اپنے دعوے کو ثابت کرنے کے لیے سولر سسٹم اسکوپ نامی ایک کمپیوٹر پروگرام کا سہارا لیا ہے۔
بقول ان کے نظامِ شمسی کے سیاروں کی پوزیشن میں پانچ اہم تبدیلیاں وقوع پذیر ہونے جارہی ہیں، جن کے سب سے زیادہ اثرات زمین اور چاند پر مرتب ہوں گے اور مقناطیسی تبدیلی کی وجہ سے زلزلے جیسی قدرتی آفات رونما ہوں گی۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ زلزلے گزشتہ دنوں نیپال میں آئے زلزے سے بھی شدید ہوں گے، انہوں نے اپنے ٹوئیٹ کے ذریعے اس سلسلے میں پوری دنیا کو خبردار کیا ہے۔
تاہم ماہرین کی بڑی تعداد بھی فرینک کے اس دعوے کو مسلسل مسترد کررہی ہے، ان کی دلیل ہے کہ سیاروں کی پوزیشن تبدیل ہونے سے زلزلے نہیں آتے ہیں۔