نئی دہلی، 29مئی (یو این آئی) وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج کہا کہ کہ سابقہ یوپی اے حکومت نے بہترین نظم حکومت اور ترقی کو بن واس دے دیا تھا لیکن مودی حکومت نے ایک سال میں اس کی گھر واپسی کردی ہے ۔مسٹر سنگھ نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ کسی بھی حکومت کی کارکردگی کا جائزہ سماجی، اقتصادی ، سفارتی اور سیاسی نیز داخلی اور بیرونی سیکورٹی کے پیمانوں پر لیا جاتا ہے اور ان تمام محاذوں پر مودی حکومت نے شاندار کامیابی حاصل کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے معیشت کے انجن کی رفتار تیز کی ہے ۔ ہندوستان اور چین دنیا میں سب سے تیز رفتار سے ترقی کررہی معیشتیں ہیں او رہندوستان اگلے چند برسوں میں چین کو پیچھے چھوڑ دے گا۔ مودی حکومت تیز اور شفاف طریقے سے کام
کررہی ہے جس سے گھریلو اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھا ہے ۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ یو پی اے حکومت نے قدرتی وسائل کی لوٹ اور کرانی کیپیٹلزم کو بڑھاوا دیا تھا لیکن مودی حکومت نے اس پر پوری طرح لگام لگادیا ہے ۔ سی اے جی کے مطابق سابقہ حکومت کے دور میں ایک لاکھ 76ہزار کروڑ روپے کے کوئلہ الاٹمنٹ کا گھپلہ ہوا تھا جب کہ مودی حکومت 27کانوں کی نیلامی سے دو لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ سرکاری خزانے میں جمع کراچکی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے مہنگائی پر روک لگائی ہے ۔ یوپی اے حکومت کے وزیر اعظم ماہر معاشیات ہونے کے باوجود مہنگائی کو نہیں روک پائے تھے ۔ مہنگائی روکنے کے لئے ماہر معاشیات ہونا ضروری نہیں ہے بلکہ اسے حقائق کا علم ہونا چاہئے ۔ جن دھن یوجنا او رسماجی سیکورٹی کی اسکیموں کا ذکر کرتے ہوئے مسٹر سنگھ نے کہا کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے بھی ان اسکیموں کی تعریف کی ہے ۔ مودی حکومت نے خارجہ پالیسی میں ثقافتی سفارت کاری کا ایک نیا پہلو شامل کیا ہے اور 21جون کو یوم یوگا منانے کا اقوام متحدہ کا فیصلہ اس کی مثال ہے ۔