لکھنو۔(نامہ نگار)۔ پارہ علاقہ میں گزشتہ دنوں شری دیوی نام کی خاتون کے قتل کے معاملہ میں فرار چل رہے راج مستری راجو ریداس کوگزشتہ شب پارہ پولیس نے گرفتار کر لیا۔ ملزم نے بتایا کہ اس کو شری دیوی کا دوسرے لوگوں کے ساتھ ملنا جلنا پسند نہیں تھا۔ اسی کے سبب اس نے شری دیوی کا قتل کر دیا۔ ڈی آئی جی رینج آر کے چترویدی نے بتاےا کہ پارہ کی آشریہ ہین کالونی کے رہنے والے راجو ریداس کے گھر گزشتہ سترہ مئی کوبنتھرا کی رہنے والی شری دیوی کی لاش ایک بکس میں ملی تھی۔ شری دیوی کے
قتل کے معاملہ میں راج مستری راجو کے خلاف نامزد رپورٹ درج کرائی گئی تھی۔ پولیس واردات کے بعد سے ملزم راجو کی تلاش میں مصروف تھی لیکن وہ ہاتھ نہیں آرہا تھا۔ گزشتہ شب مخبر اور سرویلانس کی مدد سے پولیس نے ملزم راجو کو موہان نہر کے نزدیک سے گرفتار کر لیا۔ پوچھ گچھ کی گئی تو اس نے بتاےا کہ وہ شری دیوی کو کافی عرصہ سے جانتا تھا اور دونوں کے درمیان تعلقات بھی تھے۔ کچھ عرصہ سے شری دیوی کا کئی لوگوں سے ملنا جلنا ہو گیا تھا ، یہ بات راجو کو پسند نہیں تھی اور اس نے شری دیوی کوکئی بار منع بھی کیا لیکن وہ نہیں مانی۔ بس اسی بات سے ناراض ہوکر راجو نے مزدوری کے بہانے شری دیوی کو بلایا اس کے بعد وہ اس کو لیکر اپنے گھر پہنچا جہاں اس نے شری دیوی کا گلا دبا کر قتل کر دیا اور لاش کو بکس میں رکھ کر گھر کے باہر سے تالا لگا کر بھاگ نکلا۔