ممبئی ٬ 30 مئی :(یو این آئی ) ہریانہ کے بلبھ گڑھ کے مسلمانوں کو تحفظ فراہم کرکے ان کی رہائش گاہوں تک پہنچایا جائے اور اس گاوں میں ہوئے مسلم کش فسادات کے ملزمین کے خلاف فوری طو رپر کارروائی کی جائے ۔ یہ مطالبہ آج یہاں سینئر کانگریس رکن پارلیمنٹ حسین دلوائی نے مرکزی حکومت سے کیا ۔
مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کے نام روانہ کئے گئے اپنے ایک مکتوب میں بلبھ گڑھ میں ہوئے فسادات کی تفصیلات بیا
ن کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کی راجدھانی دہلی سے پچاس کلو میٹر کے فاصلے پر ہریانہ کے اس گاوں میں ہوئے فسادات سے متاثرین دیڑھ سو سے زائد مسلمانوں کو اکثریتی فرقہ کے افراد نے انہیں اپنے گاوں سے جبرا نکال دیا اور آج بھی وہ بلبھ گڑھ کے مقامی پولیس اسٹیشن میں دھوپ کی تمازت برداشت کرتے ہوئے نان و شبینہ کیلئے ترس رہے ہیں ۔ان کا کوئی پرسان حال نہیں ہے نیز مسلمانوں کے دل و دماغ میں خوف اور ڈر بیٹھا ہوا ہے جس کی وجہ سے وہ اپنی سابقہ رہائش گاہوں پر جانے سے خوف محسوس کر رہے ہیں ۔