نئی دہلی، 30 مئی (یو این آئی) کانگریس نے تحویل اراضی آرڈیننس کو تیسری بار لانے کے حکومت کے فیصلے کو کسانوں کے ساتھ دھوکہ بتاتے ہوئے آج کہا کہ اس سے مودی حکومت کا دوہرا کردار اجاگر ہوا ہے ۔
کانگریس کے محکمہ مواصلات کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے کہا کہ کابینہ کا تیسری بار تحویل اراضی پر آرڈیننس لانا کسان کمیونٹی کے ساتھ ناانصافی ہے اور اس سے کسانوں
کے ساتھ دھوکہ ہوا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے کل ہی کہا تھا کہ ان کی حکومت تحویل اراضی بل کا جائزہ لینے کے لئے تیار ہے ۔ کانگریس کے ترجمان نے کہا کہ اس بیان کے ایک دن بعد ہی کابینہ نے اس آرڈیننس کی منظوری دے دی جس سے مودی حکومت کا دوہرا کردار اجاگر ہوا ہے ۔
انہوں نے حکومت کے اس اقدام کو پارلیمنٹ کی توہین قرار دیتے ہوئے تیسری بار اس سلسلے میں آرڈیننس لانے کی مذمت کی اور کہا کہ حکومت کو اس آرڈیننس کو واپس لے کر ملک کے عوام سے معافی مانگنی چاہئے ۔