نئی دہلی 30 مئی (یو این آئی) ایک رینک، ایک پنشن کی مانگ پوری ہونے میں تاخیر سے مایوس سابق فوجیوں کی پھر سے سڑک پر اترنے کی وارننگ اور اس معاملے پر سیاسی جماعتوں کی طرف سے حکومت کو گھیرے جانے کے درمیان وزیر اعظم نریندر مودی نے آج پھراعادہ کیا کہ ان کی حکومت اس منصوبے کو
لاگو کرنے کے لئے پابند ہے ۔
مسٹر مودی نے آج ٹویٹ کرکے کہا،“حکومت ایک رینک، ایک پنشن کے منصوبہ کے تئیں پابند ہے اور اس میں کوئی شک نہیں ہونا چاہئے ”۔
مودی حکومت نے اقتدار میں آتے ہی سابق فوجیوں کے لئے اس کی منصوبہ بندی کو لاگو کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن ایک سال گزر جانے پر بھی اسے لاگو نہیں کیا گیا ہے ۔ اس طرح کی قیاس آرائی تھی کہ مودی حکومت کی پہلی سالگرہ پر اس کی منصوبہ بندی کو لاگو کرے گی لیکن اس کا اعلان نہیں ہونے سے فوجیوں میں مایوسی ہے ۔
وزیر دفاع منوہر پریکر نے کچھ ہی دن پہلے کہا تھا کہ یہ منصوبہ منظوری کے آخری مرحلے میں ہے اور وزارت خزانہ اس جلد ہی ہری جھنڈی دکھانے والا ہے ۔ لیکن میڈیا رپورٹوں کے مطابق انہوں نے کل ممبئی میں کہا کہ اس سلسلے میں ابھی بہت انتظامی اقدامات اٹھائے جانے ہیں اس لئے اسے لاگو کرنے کے بارے میں کوئی وقت کی حد طے نہیں کی جا سکتی۔