کرنسی اسمگلنگ کیس میں گرفتار سپر ماڈل ایان علی
راولپنڈی: کرنسی اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار سپر ماڈل ایان علی نے جیل میں رمضان المبارک کی برکتیں سمیٹنے کے لیے اڈیالہ جیل کے تمام قیدیوں کو پورا مہینہ سحری و افطاری دینے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
نمائندہ ڈان نیوز کے مطابق ایان علی نے اڈیالہ جیل کے سپرنٹن
ڈنٹ کے نام ایک خط میں تمام قیدیوں کے لیے سحری اور افطاری کی فراہمی کی پیشکش کی ہے۔
ایان نے اپنے خط میں کہا ہے کہ وہ اڈیالہ جیل میں تمام قیدیوں کو پورے رمضان میں سحری و افطاری دینا چاہتی ہیں لہذا انھیں سحری و افطاری پر اٹھنے والے اخراجات کا تخمینہ لگا کر بتایا جائے۔
سپرنٹنڈنٹ جیل نے ایان علی کا خط ہوم سیکرٹری پنجاب کو بھجوا دیا ہے۔
جبکہ اڈیالہ جیل انتظامیہ نے اس سلسلے میں اخراجات کا تخمینہ لگانا شروع کردیا ہے، ایان علی کا کہنا ہے کہ تخمینہ معلوم ہوتے ہی وہ رقم ادا کردیں گی۔
فی الوقت اڈیالہ جیل میں 4 ہزار قیدی موجود ہیں جبکہ یہاں اسٹاف کی تعداد تقریباً ایک ہزار ہے۔
اڈیالہ جیل میں ہر سال قیدیوں کے لیے مشہور شخصیات سحر اور افطار کا اہتمام کرتی ہیں، تاہم رواں سال سپر ماڈل ایان علی نے یہ اخراجات اٹھانے کا عندیہ دیا ہے۔
یاد رہے کہ سپر ماڈل ایان علی کو رواں برس 14 مارچ کو اسلام آباد کے بینظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے دبئی جاتے ہوئے اُس وقت حراست میں لیا گیا تھا جب دورانِ چیکنگ ان کے سامان میں سے 5 لاکھ امریکی ڈالر برآمد ہوئے تھے، انھیں اڈیالہ جیل میں رکھا گیا ہے۔
دوسری جانب سپر ماڈل نے رہائی ملنے کے بعد جیل کی زندگی پر ایک کتاب لکھنے کا بھی ارادہ ظاہر کیا ہے۔