مکہ مکرمہ، 4جون (یو این آئی) دنیا بھر کے مسلمانوں کیلئے مقدس ترین خانہ کعبہ کی توسیع کا کام زوروشور سے جاری ہے اور اس بات کا قوی امکان ہے کہ سال 2020تک یہ توسیعی پروجیکٹ پائیہ تکمیل تک پہنچ جائے گا۔تعمیراتی پروجیکٹ سے وابستہ ایک ذریعہ نے بتایا ہے کہ یہ پروجیکٹ مکمل ہونے کے بعد بیت اللہ میں بیک وقت پچاس لاکھ مسلمان نماز ادا کرسکیں گے اور اس اعتبار سے یہ دنیا کی مقدس ترین عبادت گاہ ہونے کے ساتھ ساتھ دنیا کی سب سے بڑی عبادت گاہ بن جائے گی۔ گذشتہ سنیچر کی رات میں سعودی فرمان روا ملک سلمان بن عبدالعزیز نے خانہ کعبہ کو غسل دیا اور خانہ کعبہ کی توسیعی کاموں
میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا۔تعمیراتی کاموں کے پیش نظر مملکت سعودی عربیہ نے دنیا بھر سے آنے والے حجاج کی تعداد میں 20فیصد تخفیف کی ہے ۔مسجد حرام کے دالان میں ترکی حکمرانوں کی تعمیرات کو منہدم کرکے نئی تعمیرات میں شامل کرلیا گیا ہے ۔مطاف کو چاروں طرف سے کافی بڑا بنایا جارہا ہے تاکہ حج کے موقع پر حجاج کو طواف کرنے میں کوئی پریشانی نہ ہو۔
خیال رہے کہ میدان عرفات میں قیام کے بعد حاجی منیٰ واپس آتے ہیں، شیطان کو کنکریاں مارتے ہیں، قربانی کرتے ہیں اور پھر طواف زیارت کیلئے آتے ہیں اور طواف زیارت ہی، جو حج کا اہم رکن ہے اور جس میں بیک وقت لاکھوں افراد شرکت کرتے ہیں، سب سے بڑا طواف ہوتا ہے ۔جبل کعبہ کی طرف باب عبداللہ کے نام سے موسوم نئی توسیع شدہ عمارت میں ان دنوں تیزی سے کام چل رہا ہے ۔ دوسری طرف صفا مروہ کی جانب بھی اس طرح توسیع کی گئی ہے کہ حج کے موقع پر زیادہ سے زیادہ تعداد میں حاجی طواف زیارت کرسکیں۔مروہ کی جانب جہاں کبھی بڑی بڑی عمارتیں اور ہوٹل ہوتے تھے ، اس وسیع و عریض علاقے کو اس توسیعی پروجیکٹ میں شامل کرلیا گیا ہے ۔حاجیوں اور زائرین کی سہو لت کیلئے حرم شریف کے باہر زم زم کے ٹھنڈے پانی کیلئے معقول انتظامات کئے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ باب عبداللہ نام سے موسوم اس توسیعی پروجیکٹ کو شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز نے شروع کیا تھا، جن کا حال ہی میں انتقال ہوگیا ہے ۔حاجیوں اور معتمرین کے لئے یوں تو حرم شریف میں متعدد دروازے ہیں لیکن اس وقت زیادہ تر لوگ باب فہد کو استعمال کرتے ہیں۔مملکت سعودی عربیہ کے بانی شاہ عبدالعزیز کے نام سے موسوم باب عبدالعزیز ان دنوں تعمیراتی کام کی وجہ سے آمدورفت کے لئے بند ہے ۔باب فہد سے باب عبدالعزیز تک کے اگلے حصے میں ائیرکنڈیشننگ کا کام تیزی سے جاری ہے ۔بیت اللہ میں تعمیرات اور ایئر کنڈیشننگ کے کام دن رات جاری ہیں اس کے باوجود کعبتہ اللہ میں معتمرین اور زائرین کو سہولیات فراہم کرانے اور بہ آسانی طواف کرنے کے لئے جو انتظامات کئے گئے ہیں وہ لائق تحسین ہیں اور آج بھی روزانہ لاکھوں افرادکعبتہ اللہ میں آتے ہیں اور طواف اور یاد الہیٰ میں سر بہ سجود ہوتے ہیں۔