لکھنؤ: رائے اماناتھ بلی آڈیٹوریم کے جے شنکر ہال میں صحت اور انصاف کے موضوع پر ایک مذاکرہ کا اہتمام کیا گیا ۔ عوام ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام یہاں ایک طبی کیمپ بھی لگایا گیا تھا۔ مذاکرہ کی صدارت آر ڈی کشیپ اور نظامت سید معراج احمد نے کی۔ اس موقع پر ماہر امراض دندان ڈاکٹر سی پی تیواری نے بتایا کہ ہرچھ ماہ میں ایک بار دانتوں کی جانچ ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ خواہ کوئی مرض ہو یا نہ ہو اس کے باوجود اس طرف توجہ دینی چاہئے۔ ڈاکٹر ہرش گپتا نے کہا کہ کھانے پینے کی بدنظمیوں کی وجہ سے پیٹ کی بیماریاں بڑھ رہی ہیں جس کے تئیں عوام کو بیدار رہنے کی ضرورت ہے۔
انصاف کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ظفر عزیز ایڈوکیٹ، واحد علی، محمد عمر اور علی اخترنے بتایا کہ عوام کو سرکاری اسکیموں سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔ سید معراج نے بچیو ں کی تعلیم پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جب ماں تعلیم یافتہ ہوگی تو اس کے بچے صحتمند ہوں گے اور سماج کے ساتھ وہ انصاف بھی کرسکیں گے۔