یمن کی عوامی تحریک انصار اللہ نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے حملوں میں شدّت آنے کی وجہ، تسلط پسندانہ مقاصد کے حصول میں آل سعود کو ملنے والی ناکامی ہے-
یمن کی عوامی تحریک انصار اللہ کی سیاسی کونسل کے رکن محمد البخیتی نے اتوار کے روز لبنان کے المیادین ٹی وی چینل کے ساتھ خصوصی گفتگو کی- انھوں نے کہا کہ یمن کے مختلف علاقوں پر سعودی فوجیوں کے ہوائی اور میزائلی حملے، یمن سے ملحقہ سرحدوں پر ان جارحین کی شکست کے غماز ہیں۔ البخیتی نے کہا کہ یمن پر سعودی حملوں کے آغاز کے چالیس دن بعد یمنی عوام نے جوابی حملے شروع کئے ہیں۔ یمن کی عوامی تحریک انصار اللہ کی سیاسی کونسل کے رکن نے جنیوا میں یمن کے سیاسی گروہوں کے مذاکرات کے بار ے میں بھی کہا کہ تمام جنگ مخالف گروہ جنیوا مذاکرات میں پوری قوت کے ساتھ شرکت کریں گے۔ انھوں نے ایک بار پھر ان خبروں کی تردید کی کہ یمن کی عوامی تحریک انصار اللہ کے نمائندوں اور امریکی حکام کے درمیان کسی قسم کی کوئی ملاقات ہوئی ہے-