لکھنؤ:وکاس نگر علاقے میں رہنے والے ایک ڈاکٹر کے گھر کو چوروں نے نشانہ بنایا۔ چور ڈاکٹر کے گھر کا تالا توڑ کر نقدی زیورات اور دیگر سامان چوری کر لے گئے۔ دوشنبہ کو جب ایک ڈلیوری مین ڈاکٹر کے گھر پہنچا تو چوری کا پتہ چلا۔ فی الحال اس معاملے میں پولیس نے چوری کی رپورٹ درج کرلی ہے۔
وکاس نگر کے سیکٹر ۸ میں ڈاکٹر سمت سنگھ اپنے کنبہ کے ساتھ رہتے ہیں ۔ بتایاجاتاہے کہ موجودہ وقت میں رائے بریلی کے ضلع اسپتال میں ہومیوپیتھک کے ڈاکٹر کے عہدے پر تعینات ہیں۔ بتایا جاتاہے کہ ڈاکٹر کی ماں کی طبیعت موجودہ وقت میں خراب ہے اور وہ اپنے کنبہ والوں کے ساتھ سلطان پور گئے ہوئے ہیں وکاس نگر واقع گھر میں تالا بند ہے۔ بتایاجاتاہے کہ دوشنبہ کی صبح تقریباً دس بجے ایک آن لان شاپنگ کمپنی کاملازم کوئی سامان ڈلیوری کرنے کے لئے ڈاکٹر کے گھر پہنچا ۔ ڈلیوری مین نے گھر کے دروازے کھلے دیکھ کر کئی بار گھنٹی بجائی۔ جواب نہ ملنے پر اس نے ڈاکٹر کو فون کیاتو ڈاکٹر نے بتایا کہ وہ گھر پر نہیں ہے۔اور تالا لگاہے۔ ڈاکٹر کی یہ بات سن کر وہ حیران رہ گیا۔
اس نے بتایا کہ اس کے گھر کے سبھی دروازے کھلے ہیں اس کی یہ بات سن کر ڈاکٹر کے ہوش اڑ گئے۔ انہوںنے اس بات کی خبر اپنے خسر کو دی۔ خبر پاکر سسرال والے ڈاکٹر کے گھر پہنچے تو دیکھاگھر کا سارا سامان بکھرا ہے۔ چور گھر سے ڈیڑھ لاکھ کے زیورات ، نقد روپئے اور دیگر سامان چوری کرلے گئے ہیں۔ موقع پر پہنچی وکاس نگر پولیس نے تفتیش کے بعد اس معاملے میں چوری کی رپورٹ درج کرلی ہے۔