ینگون…برما سے دبدر ہونے والے روہنگیا مسلمان دو ماہ سےزائد گزرنے کے بعد بھی کشتیوں میں ڈول رہے ہیں، عالمی برادری روہنگیا کے مسلمانوں کی دربدری پر خاموش ہے۔ پانی پر ڈولتے یہ انسان زندگی کے لیے پل مر مر رہے ہیں ،
دھوپ ،گرمی، بھوک، دربدری کے مارے ان انسانوں کا قصور مسلمان ہونا ہے ، یہ وہ ہیں جنہیں شیطان صفت اشین ورتھو نے اپنی درندگی کی بھینٹ چڑھایا اور سرعام نفرت کی آگ بھڑکا کر اِن روہنگیا مسلمانوں کا سب کچھ بھسم کردیا۔ زندگی نہ اجڑ جائے،یہ سوچ کے کہیں اور بسنے کے لیے نکلے لیکن ان کی زندگی کی کشتی کو کہیں کوئی کنارہ نہیں مل رہا، انسانوں کو حقوق دلانے والے بھی اس غیر انسانی سلوک پر خاموش ہیں ، برما کی نوبل امن انعام یافتہ آنگ سان سوکی ،کی انسانی حقوق کی دکان بھی انتخابات تک کے لیے بند ہے جبکہ او آئی سی کو بھی دو ماہ سے چشم آشوب کے باعث ان بے وطنوں کی زندگیوں میں روز بہ روز بڑھتا اندھیرا نظر نہیں آرہا۔