کٹھمنڈو 12 جون (یو این آئی) نیپال کے تپلے جنگ ضلع کے مختلف مقامات پرزمین کھسکنے سے مرنے والوں کی تعدادبڑھ کر 53 ہو گئی ہے اور بارہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔ نیپالی اخبار کانتی پور ٹائمز کے مطابق کئی لوگ لاپتہ ہیں۔ زمیں کھسکنے کی وجہ تیز بارش بتائی گئی ہے ۔ ضلع کے لوانگ، تھوکلنگ، تھگلاوو اور لنگت علاقے میں تیزبارش کے بعد زمیں کھسکنے کے واقعات ہوئے ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ مرنے والوں کی تعدادمیں مزید اضافہ ہوسکتا ہے ۔ زمین کھسکنے سے کئی عمارت زمیں بوس ہوگئی ہیں اورتقریباً چھ گاؤں پوری طرح تباہ ہو گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بارش اور سیلاب سے بچاؤ اور راحت کے کاموں میں رکاوٹ آ رہی ہے ۔ نیپالی فوج کا ہیلی کاپٹر خراب موسم کی وجہ سے متاثرین علاقوں میں اب تک نہیں پہنچ پایاہے ۔واضح رہے کہ نیپال کے شمالی مشرقی ضلع تپلے جنگ میں گزشتہ دس جون سے تیزبارش کے بعد زمیں کھسکنے کے واقعات ہورہے ہیں۔