اکھلیش کے کنبہ والوں کونوکری دیئے جانے کا مطالبہ
لکھنؤ:گزشتہ دنوں گورکھپور کے مگہر علاقہ میں ریلوے ٹریک پر نشادوں پر پولیس کے ذریعہ فائرنگ کی واردات میں مارے گئے اکھلیش نشاد کے کنبہ والوں نے جنپتھ کے سامنے شہید اکھلیش نشاد ریزرویشن جدو جہد کمیٹی کی قیادت میں ایس پی حکومت کے خلاف جم کر نعرے بازی کر کے مظاہرہ کیا۔ اس دوران کمیٹی کے کارکنان ایس پی حکومت کی ’شو یاترا ‘راج بھون کی طرف لیکر چلے تو پولیس نے انہیں روک لیا۔ شو یا ترا روکے جانے پر سمیتی کے لوگوں اور پولیس کے درمیان جھڑپ ہوئی۔ انہوں نے گورنر کو عرضداشت سونپی۔ سمیتی کے کنوینر موج کشیپ نے بتایا کہ گورکھپور کے مگہر علاقہ کے ریل ٹریک پر نشادوں پر پولیس کے ذریعہ گولی چلانے کی واردات میںمارے گئے اکھلیش نشاد کے کنبہ والوں کو دیئے جانے والے دس لاکھ روپئے معاوضہ کے سرکاری اعلان سے خوش نہیں ہیں۔ نشاد، کشیپ، بند سماج کے لوگوں کا قتل کرنا حکومت کا یومیہ کا کھیل ہو گیا ہے۔ کشیپ، نشادوں کے ستیہ گرہ میں کھلے عام گولی چلانے کی ہدایت دے کر سماج وادی حکومت نے انگریزی حکومت کو مات دے دی ہے۔ کتنے ہی لوگوں کے ہاتھ پیر ٹوٹے اور بچوں تک کو نہیں بخشا گیا۔ نشاد کو محض دس لاکھ روپئے کی امداد کافی نہیں ہے۔ اس کے والدین پر چار بیٹیوں کی ذمہ داری کے ساتھ ان کی زندگی گزارنے کا بوجھ ہے اس لئے معاوضہ کی رقم میں اضافہ کیا جائے۔