ایران، امریکہ، اور یورپی یونین کے درمیان سہ فریقی مذاکرات جمعرات کی شام ویانا میں ختم ہوگئے۔
ویانا کے کوبرگ ہوٹل میں ہونے والے سہ فریقی مذاکرات میں ایران کے نائب وزیرخارجہ اور سینیئر ایٹمی مذاکرات کار سید عباس عراقچی، امریکہ کی نائب وزیر خارجہ ونڈی شرمین اور یورپی یونین کے امور خارجہ کی ڈپٹی انچارج ہیلگا اشمد نے حصہ لیا۔ مذاکرات میں ایران اور چھے بڑی طاقتوں کے گروپ”پانچ جمع ایک” کے درمیان مجوزہ جامع ایٹمی سمجھوتے کے متن کی نگارش کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔ اس رپورٹ کے مطابق ایران اور پانچ جمع ایک گروپ کے رکن ملکوں کے اعلی سفارت کار اور ماہرین جمعے کے روز مشترکہ اجلاس میں جامع ایٹمی سمجھوتے کے متن کی نگارش کے بارے میں تبادلہ خیال کریں گے۔ ایران اور چھے بڑی طاقتوں کے درمیان جامع ایٹمی سمجھوتے کی تیاری کے لئے مذاکرات کا ساتواں دور بدھ سے ویانا میں شروع ہوا تھا۔یہ مذاکرات نائب وزرائے خارجہ کی سطح پر ہورہے ہیں۔