جدّہ: دمام یونیورسٹی کی ایک تحقیق کے مطابق سعودی عرب میں ہرسال پانچ لاکھ سے زیادہ ٹریفک حادثات رونما ہوتے ہیں، جن میں تقریباً 20 ارب سعودی ریال کا نقصان ہوتا ہے۔
دمام یونیورسٹی کے صدر عبداللہ الرباعش کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کے ہسپتالوں کے 30 فیصد سے زیادہ بیڈ پر ان حادثات کے زخمیوں کا علاج کیا جارہا ہے۔
عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ ملک کے آئیڈیل ڈرائیور کی تلاش کے لیے شروع کیا گیا ایک حالیہ ایوارڈ ٹریفک قوانین کی پاسداری میں عوام کی مدد کرے گا۔
عبداللہ الرباعش نے کہا ’’ان ٹریفک حادثات میں کمی لانے اور شہریوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کے لیے ہمارے پورے معاشرے کو مزید آگاہی اور اس طرح کے پروگراموں کی مزید ضرورت ہے۔‘‘
انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ آئیڈیل ڈرائیور کے مقابلے میں زیادہ سے زیادہ شرکت کریں۔ یہ پروگرام مشرقی صوبے میں سعودی سوسائٹی برائے ٹریفک سیفٹی کی جانب سے شروع کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا ’’اس سوسائٹی نے پچھلے چند سالوں کے دوران گاڑی چلانے والوں میں آگاہی کے اضافے اور انہیں ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کی اہمیت کی تعلیم دینے کے سلسلے میں کامیابی حاصل کی ہے۔‘‘
عبداللہ الرباعش نے بتایا کہ جب سے یہ ایوارڈ شروع ہوا ہے، اب تک سات ہزار سے زیادہ کی تعداد میں لوگوں نے اس کے پورٹل کا وزٹ کیا ہے، ان میں سے تقریباً 400 افراد نے خود کو یہاں رجسٹرڈ کروایا ہے۔
ان کے مطابق آئیڈیل ڈرائیور کے لیے لازم ہے کہ مسلسل تین سالوں کے دوران ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر اسے کوئی جرمانہ نہیں ہوا ہو۔
انہوں نے کہا ’’ٹریفک کے مسائل سے نمٹنے کے لیے ہماری کوششیں کئی سال پہلے شروع ہوئی تھیں، اور اس کے نتیجے میں سعودی سوسائٹی برائے ٹریفک سیفٹی کا قیام عمل میں آیا۔‘‘