لکھنؤ:منگل کی شب تو چین سے گزر گئی لیکن بدھ کو پھر پورے دن دھوپ اور امس بھری گرمی نے جم کر پریشان کیا۔ اس موقع کا فائدہ اٹھاکر درجہ حرارت میں دو ڈگری کا اضافہ ہوگیا ۔محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ کل جزوی طورپر بادل رہیں گے لیکن بارش کی امید نہیں ہے۔ منگل کو سہانے موسم کا لطف بدھ تک بھی قائم رہا۔ صبح نکلی دھوپ نے لوگوں کے ارمانوں پر پانی پھیر دیا۔ دوپہر کو دھوپ جسم جھلسانے لگی حالانکہ ہوا میں نمی کے سبب اتنی زیادہ پریشانی نہیں ہوئی لیکن امس بھری گرمی نے پریشان ضرور کیا۔ دوپہر کے بعد حالات مزید ابتر ہو گئے۔ سب سے زیادہ پریشانی سڑک پر نکلنے والے راہ گیروں اور گاڑی چلانے والوں کو ہوئی۔ کسی نے منھ ڈھک کر تو کسی نے ہیلمٹ لگاکر دھوپ سے اپنا تحفظ کیا۔ موسم محکمہ کے ڈائریکٹر جے پی گپتا کا کہنا ہے کہ فی الحال ابھی مانسون کے بارے میں وضاحت کرنا جلدبازی ہوگی۔ بہار میں مانسون آنے کے بعد ہی مشرقی اترپردیش میں مانسون آئے گا فی الحال ان دنوں کبھی بادل تو کبھی مانسون سے پہلے والی بارش ہوتی رہے گی۔