لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ چیف سکریٹری آلوک رنجن نے ہدایت دی ہے کہ ریاست کے کانپور، آگرہ، میرٹھ اور وارانسی مہانگروں میں میٹرو چلانے کیلئے تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ ڈی پی آر ان تاریخوں میں تیار ہوجانا چاہئے۔ کانپور شہر کا اکتیس جولائی تک، آگرہ شہر کا اکتیس اگست تک، وارانسی اور میرٹھ شہر کا تیس ستمبر تک تیار کرکے پیش کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ یہ ہر حالت میں یقینی بنایاجائے کہ آئندہ برس ۲۰۱۶ء کے جنوری ماہ میں ہی چاروں شہروں میں میٹرو چلانے کے کام کاآغاز کرا لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو پروجیکٹ کے کاموں میں تیزی لانے کیلئے اور متعلقہ محکموں سے ضروری تال میل اور تصفیہ کیلئے متعلقہ منطقائی کمشنروں کی صدارت میں میٹرو سیل کا قیام متعلقہ شہروں میں کرایا جائے۔ انہوں نے متعلقہ ترقیاتی اتھارٹیوں کو میٹرو سیل کی ضرورت کے مطابق ملازمین اور دیگر وسائل دستیاب کرانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہاکہ میٹرو سیل کے دفاتر کیلئے مناسب جگہ ترقیاتی اتھارٹی جلد دستیاب کرائے اور میٹرو پروجیکٹ کیلئے ہر شہر میں الگ الگ ایس پی وی بنائے جائیں جس میں مینیجنگ ڈائریکٹر ، ڈائریکٹر اور دیگر تکنیکی ملازمین کو مقرر کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ چاروں شہروں میں میٹرو کے قیام کے سلسلہ میں ہدایت جاری کی جائے۔ چیف سکریٹری آج اینیکسی واقع اپنے دفتر کے جلسہ گاہ میں کانپور،آگرہ، میرٹھ اور وارانسی مہانگروں میںمیٹرو چلانے کیلئے ضروری ہدایت دے رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ شہروں میں میٹرو چلانے کیلئے نشانزد راستہ کے سلسلہ میں شہریوں سے بھی مشورے ضرور حاصل کر لئے جائیں تاکہ انہیں بہتر ٹریفک بندوبست دستیاب ہو سکے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ضروری پارکنگ کیلئے مناسب جگہ بھی نشانزد کی جائے تاکہ چھوٹی اور بڑی گاڑیوں سے آنے والے شہریوں کو اپنی نجی گاڑی کھڑی کرنے میں کسی بھی طرح کی مشکل نہ ہونے پائے۔ انہوں نے بتایا کہ کانپور شہر میں دو کاریڈور چوبیس کلو میٹر اور ۹ کلو میٹرکا بنایا جائے گا جس میں پہلے کاریڈور میں آئی آئی ٹی کانپور سے نوبستہ وایا جی ٹی روڈ، مال روڈ اور ہمیر پور روڈ وایا گردیو چوراہا، راوت پور ریلوے اسٹیشن نوین مارکٹ پھول باغ، کانپور سینٹرل ریلوے اسٹیشن، جھگر کٹی بس ٹرمنل اور قدوائی نگر میں ۱۴؍اسٹیشن ایلیویٹیڈ، ۸؍اسٹیشن زمیندوز ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اسی طرح کاریڈور دو میں ایگریکلچر یونیورسٹی سے برا ۸ وایا وجے نگر برا روڈ میں راوت پور ریلوے اسٹیشن، کاکا دیو گووند برا ۷ میں پانچ اسٹیشن ایلویویٹیڈ اور چار زمیندوز اسٹیشن کیلئے مقام نشانزد کئے گئے ہیں۔ آگرہ شہر میں بھی میٹرو چلانے کیلئے کاریڈور ایک میں آگرہ آئی ایس بی ٹی سے وایا امبیڈکر یونیورسٹی ہوٹل ٹرائی ڈینٹ روڈ کو نشانزد کیا گیا جس میں راجہ کی منڈی ریلوے اسٹیشن، ایس این میڈیکل کالج، ہینگ کی منڈی آگرہ فورٹ سمیت تقریباً گیارہ کلو میٹر کی لمبائی میں چار ایلیویٹیڈ اور ۸؍انڈر گراؤنڈ اسٹیشن ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ کاریڈور دو میں آگرہ کینٹ ریلوے اسٹیشن سے جمان پار کالونی فیز-۲ وایا ایم جی روڈ میں سنجے پیلس دیوانی چوک وجے نگر، کملا نگر واٹر ورکس جنکشن سمیت تقریباً سولہ کلو میٹر میں ایلیویٹیڈ ۱۳؍اسٹیشن اور انڈر گراؤنڈ ایک اسٹیشن کی تعمیر کرائے جانے کی تجویز کی گئی ہے۔ وارانسی شہر میں میٹرو چلانے کیلئے کاریڈور ایک کے تحت بی ایچ یو سے بی ایچ ایل وایا گدولیا، بنیا باغ وارانسی جنکشن، ندیسر، کلکٹریٹ، بھوجو بیر اور شیو پور سمیت تقریباً ۱۹ کلومیٹر میں ایلیویٹیڈ ۱۳؍اسٹیشن اور انڈر گراؤنڈ چار اسٹیشن ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اسی طرح کاریڈور دو کے تحت بینیا پارک سے سار ناتھ وایا کوتوالی، مچھودری پارک، کاشی بس ڈپو، جلالی پور، آشار پور، ہنومان نگر، مویا سمیت تقریباً ۹ کلو میٹر میں ایلیویٹیڈ چار اسٹیشن اور زمیندوز پانچ اسٹیشن تجویز کئے گئے ہیں۔ اسی طرح میرٹھ شہر میں میٹرو چلانے کیلئے کاریڈور ایک میں پرتاپ پور سے پلو پپورا ملنگ ، دہلی رڑکی روڈ وایا شتابدی نگر، ایچ آر ایس چوک، بیگم پل گاندھی باغ، صوفی پور اور پلو پورم سمیت تقریباً بیس کلو میٹر میں ۹؍ایلیویٹیڈ اسٹیشن اور زمیندوز ۸؍اسٹیشن نشانزد کئے گئے۔انہوں نے بتایا کہ اسی طرح کاریڈور دو میں رجن بازار سے گوکل پور گاؤں وایا بیگمل بچا پارک ، ہاپوڑ بس اسٹیشن اور میڈیکل کالج سمیت گڑھ روڈ پر تقریباً دس کلو میٹر میں ایلیویٹیڈ میں گیارہ اسٹیشن نشانزد کئے گئے ہیں۔