لکھنؤ۔(بیورو ) وزیر اعلیٰ اکھلیش یادونے کہا کہ سماج وادی حکومت نے وکلاء کے مفاد کا ہمیشہ خاص خیال رکھا ہے۔ وکلاء کی فلاح وبہبود کیلئے ملائم سنگھ یادو کی جانب سے کئے گئے کاموں کا دائرہ بڑھاتے ہوئے موجودہ حکومت بھی وکیلوں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں دینے کیلئے سنجیدگی سے کوشش کررہی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے ان خیالات کا اظہار آج اپنی سرکاری قیام گاہ پر بار کونسل آف اترپردیش کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ کونسل کے چیئر مین عبد الرزاق خان کی قیادت میں آئے وفدمیں ریاستی حکومت کی جانب سے وکلاء کی مفاد میں کئے گئے فیصلوں کیلئے وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات کے دوران سیاسی پنشن وزیر راجیندر چودھری بھی موجود تھے۔ انہوںنے وکلاء کو سماج کا بیدار رکن بتاتے ہوئے کہا کہ سماج کو صحیح سمت دینے میں ان کا اہم تعاون ہے۔ وفد میں گورو بھاٹیا اور روتاس اگروال بھی شامل تھے۔