سی ایم او نے جاری کی ہدایت
لکھنؤ(نامہ نگار)راجدھانی میں مریضوںکو ریفر کئے جانے کے قوانین کو پیچیدہ بناتے ہوئے سی ایم او نے دی سبھی اسپتالوں کو رہنما ہدایات جاری کردی ہیں۔ سی ایم او نے ہدایت دی کہ مریضوں کو اچھے اسپتال میں ریفر کرنے سے قبل متعلقہ اسپتالوں میں بستر کی دستیابی کا پتہ لگانا ضروری ہوگا۔ سی ایم او نے کہا کہ اگر بستر دستیاب نہ ہوں تو مریض اسی صحت مرکز میں بہتر طبی سہولت مہیا کرانے کی کوششیں کی جائیں۔
سی ایم او ڈاکٹر ایس این ایس یادو نے دوشنبہ کو اپنی ہدایت میں راجدھانی کے سبھی سی ایچ سی ، پی ایچ سی اور صحت مراکز کے انچارجوں کو ہدایت دی کہ جو بھی مریض بھرتی ہو اس کو بہتر علاج مہیاکرایا جائے۔ انہوںنے کہا کہ مریض کو ابتدائی علاج کے ساتھ علاج کی ہر ممکن کوشش کی جائے۔ انہوںنے کہا کہ جن صحت مراکز میں دوا اور آلات وغیرہ کی کمی ہو اس کی اطلاع سی ایم او دفتر کو دی جائے تاکہ اسے دور کیا جاسکے۔ انہوںنے کہا کہ اس کے بعد اگر کسی مریض کو اعلیٰ معیار کے اسپتال میں ریفر کرنا ضروری ہو تو پہلے متعلقہ اسپتال میں بستر کی دستیابی کی معلومات حاصل کرلیں۔ اگر اسپتال میں بستر خالی ہو تبھی مریض کو ریفر کریں۔اگر ایسا نہ ہوتو دیگر اسپتال سے رابطہ قائم کریں۔ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ مریض کو لے جانے کے لئے ۱۰۲اور ۱۰۸ ایمبولنس کو ہی ترجیح دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مریض کو ریفر کرتے وقت اس کے علاج سے متعلق اس کی پوری رپورٹ اس کے ساتھ بھیجے گئے دستاویز میں درج کی جائے تاکہ اس کا علاج کرنے والے دوسرے ڈاکٹرکو اس کا علم ہوسکے۔