ہندی کے معروف مصنف ڈاکٹر کاشی ناتھ سنگھ کی کتاب ’کاشی کا اسّی‘ پر مبنی فلم ’محلہ اسّی‘ ریلیز ہونے سے پہلے ہی تنازعات کا شکار ہو گئی ہے۔
اس فلم کے مبینہ ٹریلر پر ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے جس میں اداکار سنی دیول، اداکارہ ساکشی تنور کے علاوہ فلم کے ہدایتکار چندر پرکاش دویدی کے نام شامل ہیں۔
یہ ایف آئی آر وارانسی کے قصبے سومیرو پیٹھ کے شنکراچاریہ سوامی نگیندر نند سرسوتی نے درج کروائی ہے۔
دراصل ’محلہ اسّی‘ کے دو منٹ کے ٹریلر میں ایک طرف تو ایک مخصوص گالی کو بنارس کا ذائقہ کہا گیا ہے جبکہ دوسری طرف ہندوؤں کے دیوتا بھگوان شیو کے روپ میں فنکار دياشكر پانڈے اپنے عقیدت مند سنی دیول کو گالی دے رہے ہیں۔
شیو کے روپ میں گالی دینے پر ہی سب سے زیادہ اعتراض کیا جا رہا ہے۔
سوامی جی کا کہنا ہے کہ ’اس ٹریلر سے ملک اور مخصوص مذہبی برادری کی ساکھ متاثر ہو رہی ہے۔ ہم اس فلم کو پورے ملک میں ریلیز نہیں ہونے دیں گے۔‘
null
فلم محلہ اسّی میں سنی دیول نے ایک سنسکرت ٹیچر کا کردار نبھایا ہے جو قدامت پسند ہے
ٹریلر پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اداکار سنی دیول نے بی بی سی کو بتایا کہ ’یہ گالیاں کہانی کی ڈیمانڈ ہیں اور گالی آج کل کون نہیں دیتا۔ جو اعتراض کر رہے ہیں ان کے جذبات کا مکمل خیال رکھا گیا ہے اور انھیں یہ فلم دکھائی جانی چاہیے تا کہ وہ اس کے کانٹیکسٹ (سیاق و سباق) کو سمجھ سکیں۔‘
ڈائریکٹر چندر پرکاش دویدی اس ٹریلر کو اپنی فلم کا حصہ تسلیم کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ابھی فلم مکمل طور پر ایڈٹ ہی نہیں ہوئی ہے تو ٹریلر کا کیا مطلب ہے۔
سنہ 1983 میں فلم ’بیتاب‘ سے اپنے فلمی کریئر کا آغاز کرنے والے سنی دیول کی حالیہ فلم ایک زمانے سے رکی ہوئی ہے۔
سنی دیول نے کئی معروف فلمیں کی ہیں جن میں ’سوہنی مہیوال‘، ’یتیم، ’گھائل‘، ’غدر ایک پریم کتھا‘، ’بارڈر‘ وغیرہ شامل ہیں۔.
محلہ اسّی کے مبینہ ٹریلر میں فلم کے تمام کردار غلط الفاظ کا خوب استعمال کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
اس فلم میں اداکار روی کشن اور اداکارہ ساکشی تنور بھی شامل ہیں۔