پاکستان کے صوبے سندھ اور اس کے صدر مقام کراچی میں گرمی کی شدت سے مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔
پاکستانی میڈیا رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ گرمی کی شدید لہر کے باعث سندھ بھر میں لُو لگنے اور پانی کی کمی کے باعث ہلاک ہونے والوں کی تعداد ایک ہزار ایک سو ہوگئی۔ رپورٹ کے مطابق بدھ کے روز گرمی اور لو سے متاثرہ دوسو تیس افراد مختلف اسپتالوں میں جان کی بازی ہار گئے۔صوبائی محکمہ صحت کے مطابق مجموعی طور پر چالیس ہزار افراد لو لگنے کے بعد ہسپتالوں میں لائے گئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے شدید گرمی کے باعث سندھ بھر میں ایک ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں جن میں سے نوسو پچاس صرف کراچی میں ہلاک ہوئے۔ بعض رپورٹوں میں مرنے والوں کی تعداد بارہ سو کے قریب بتائی گئی ہے۔اسپتال کے ذرائع کا کہنا ہے کہ موسم میں قدرے بہتری کے بعد اسپتالوں میں لائے جانے والے مریضوں کی تعداد میں نمایاں کمی آئی ہے تاہم اب بھی ہزاروں افراد مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔قابل ذکر ہے کہ ہفتے کے روز سے کراچی اور صوبہ سندھ کے دیگر شہروں میں درجہ حرارت پینتالیس ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا۔