ہندوستان کی حکومت نے ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے ایٹمی مذاکرات کا حتمی نتیجہ واضح نہ ہونے کے باوجود تہران کے ساتھ اپنے تعلقات میں توسیع کا آغاز کر دیا-
پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق نئی دہلی کی حکومت نے تہران کے ساتھ اپنے تعلقات میں توسیع میں دلچسپی ظاہر کی ہے- اس کی وجہ یہ ہے کہ تہران کے ساتھ نئی دہلی کے تعلقات کی بدولت افغانستان اور وسطی ایشیا میں ہندوستان کے داخلے کا راستہ ہموار ہوتا ہے- ہندوستان کی حکومت نے اس سلسلے میں مئی کے مہینے میں چابہار بندرگاہ میں توسیع کے لئے ایران کے ساتھ ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی کئے تھے- اس مفاہمتی یادداشت کو عملی جامہ پہنانے کے لئے ایک معاہدے پر دستخط کیا جانا ضروری ہے- ہندوستان کے اخبار ہندو کی رپورٹ کے مطابق امریکا کی جانب سے ہندوستان کی حکومت پر دباؤ ڈالا جارہا ہے کہ وہ جامع ایٹمی سمجھوتے پر دستخط سے قبل ایران کے ساتھ کسی طرح کا تجارتی معاہدہ نہ کرے لیکن ہندوستانی حکومت امریکا کے دباؤ کو خاطر میں نہیں لا رہی ہے-