کویت کے دارالحکومت کی مسجد امام صادق علیہ السلام میں خود کش حملہ ہوا ہے-اس حملہ کی ذمہ داری داعش نے لی ہے۔
لبنان کے المیادین نیوز چینل کی رپورٹ کے مطابق کویت سٹی کے علاقے الصوابر میں واقع مسجد امام صادق علیہ السلام میں اس وقت خود کش کاروائی کی گئی جب نمازی، نماز جمعہ ادا کر رہے تھے- اس خودکش حملے میں متعدد افراد شہید اور زخمی ہو گئے- عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حملہ آور نماز جمعہ کے دوران مسجد میں داخل ہوا اور اس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔
سیکیورٹی حکام نے تصدیق کی ہے کہ یہ خودکش حملہ تھا جب کہ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حملہ آوور نماز کے دوران ہی مسجد میں داخل ہوا اور خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔
کویت سٹی کے گورنر نے رائٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے ١٩ افراد کی ہلاکت اور متعدد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کے وقت مسجد میں 2 ہزار سے قریب لوگ موجود تھے جن میں سے کئی ہلاک اور زخمی ہوئے۔کویتی پارلیمنٹ کے ایک رکن خلیل الصالح نے بتایا ہے کہ ایک خودکش حملہ آوور جس کی عمر 30 سال سے کم تھی، نے خود کو دھماکے اڑایا۔
خلیل الصالح کے مطابق انہوں نے کئی افراد کو خون میں لت پت مسجد کے فرش پر پڑے دیکھا ہے۔
کویتی اخبار الجریدہ کے مطابق خودکش حملہ آوور نے امام الصادق نامی مسجد کو نشانہ بنایا اور اس واقعے میں کم از کم ١٩ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔
کویت کی سرکاری نیوز ایجنسی کونا نے بھی ہلاکتوں اور زخمیوں کی تصدیق کی ہے لیکن اس حوالے سے کوئی تفصیل فراہم نہیں کی گئی۔
تاہم ایک عینی شاہد نے اے ایف پی کو بتایا کہ حملے میں درجنوں افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔