لکھنؤ۔(نامہ نگار)سی پی ایم ٹی کی پہلے دور کی کونسلنگ ختم ہوچکی ہے اب باری ہے داخلے کی۔اس سلسلے میں کے جی ایم یوسمیت سبھی میڈیکل کالجوںمیںتیاریاں شروع ہوچکی ہیں۔ ریگنگ کو روکنے اور نئے طلباء کو حفاظتی ماحول دینے کیلئے اس بار کے جی ایم یو نے کئی نئے قدم اٹھائے ہیں اس کے تحت فریشرس کیلئے باؤنسر تعینات کئے جائیں گے اور سینئر پر نظر رکھنے کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں۔
کونسلنگ ختم ہوتے ہی میڈیکل یونیورسٹی انتظامیہ نے طے کیا ہے کہ اس بار کا سیشن زیرو ریگنگ والا ہوگا یعنی کسی بھی طالب علم کی ریگنگ نہیں ہوگی اس سلسلے میں ابھی سے تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔ افسران کا کہناہے کہ اس بار قوانین کو سخت کردیا گیا ہے۔ اس بار سینئرس نہ تو فریشرس سے سلامی لے پائیں گے نہ تو انٹروڈکشن۔ افسران نے کہا کہ انٹروڈکشن لینے کا اختیار اساتذہ کا ہوتاہے نہ کی سینئر کا۔ اگر کوئی سینئر طالب علم ایسا کرتے پکڑاگیا تو اسے کیمپس کے باہر کردیا جائے گا۔ کے جی ایم یو انتظامیہ نے ریگنگ روکنے کیلئے ہر ممکن قدم اٹھایا ہے۔ کیمپس میں قدم قدم پر نظر رکھی جائے گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ریگنگ کے سلسلے میں کے جی ایم یو میں متعدد واردات ہوئیں جس پر انتظامیہ کی کافی سرزنش ہوچکی ہے۔ گزشتہ کچھ برسوں میں ہوئی سختی کے باوجود ہاسٹل وغیرہ میں ریگنگ ہونے کی اطلاعات موصول ہوتی رہیں۔ فریشرس ہر بار چھوٹے بال اور لمبی اپرن کے ساتھ خوف زدہ نظرآئے۔ افسران کا کہناہے کہ گزشتہ سال سختی کے سبب طلباء کو راحت ملی لیکن پوری طرح سے یہ ختم نہیں ہوپائی لیکن اس بار کے جی ایم یو انتظامیہ اب کوئی کوتاہی نہیں کرتا۔ اس کیلئے چیف پراکٹر کی صدارت میں ایک اینٹی ریگنگ سیل کی تشکیل کی گئی ہے۔ کمیٹی کے سبھی اراکین کے موبائل نمبر سبھی نئے میڈیکوز کو دئے جائیں گے۔ یہی نہیں بلکہ کمیٹی کے رکن اور دیگر اساتذہ رات میں اچانک ہاسٹل میں چھاپہ مار کر صورتحال کا جائزہ لیں گے۔
کے جی ایم یو انتظامیہ کے افسران کے مطابق نئے طلباء باؤنسر کے نگرانی میں ہی ہاسٹل سے نکلیں گے اور درجات سے واپس ہاسٹل جائیں گے اگر کسی طالب علم کو کوئی سامان لینے کیلئے ہاسٹل سے باہر جاناہے تو باؤنسر یا گارڈ ساتھ جائیں گے۔ فریشرس کی سرگرمیوں کی ۲۴ گھنٹے نگرانی ہوگی۔ اگر ہاسٹل میں کوئی کیمرہ بند یا خراب ہوتاہے تو اس کی پوری ذمہ داری ہاسٹل وارڈن کی ہوگی۔ کے جی ایم یو انتظامیہ نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ شام کو درجات سے واپس جانے کے بعد سبھی طلباء کو موبائل بند رکھنا ہوں گے۔
سبھی میڈیکوز کو دی جائیں گی بک لیٹ: کے جی ایم یو انتظامیہ کی جانب سے نئے میڈیکوز کو ایک بک لیٹ دی جائے گی جس میں یونیورسٹی میں ضروری قوانین وغیرہ کی پوری تفصیل ہوگی اس کے ساتھ ہی ڈین پراکٹر سمیت پراکٹوریل بورڈ ودیگر افسران کے موبائل نمبر بھی درج ہوں گے تاکہ کسی بھی طرح کی پریشانی ہونے پر وہ ان سے رابطہ قائم کرسکیں۔ وائس چانسلر پروفیسر روی کانت کا کہناہے کہ عدالت کا حکم ہے کہ کے جی ایم یو میں ریگنگ نہ ہو اس لئے قوانین کو سخت کیا جارہاہے اگر کوئی سینئر ریگنگ کرتاپایا گیا تو اسے معطل تک کیا جاسکتاہے۔