گورکھپور(نامہ نگار)سہجنواں علاقے کے پالی گاؤں میں پکے مکان میں آگ لگنے سے ماں اور دو معصوم بیٹیاں جھلس گئیں ۔ ضلع اسپتال لاتے وقت تینوں کی راستے میں ہی موت ہوگئی ۔ خاتون کا شوہر باہر رہ کر مزدوری کرتاہے ۔ خسر ایک دکان پر ملازم ہے جبکہ الگ جگہ سورہی تیسری بیٹی بال بال بچ گئی ۔اطلاع پاکر سہجنواں ایس او موقع پرپہنچے آگ لگنے کی وجہ چراغ کا گرنا بتایا جارہاہے ۔ موصول اطلاع کے مطابق سہجنواں علاقے کے پالی گاؤںکے رہنے والے پرشورام ولد للو بنگلور میںرہ کر نوکری کرتے ہیں ۔ والدہ کا پہلے ہی انتقال ہوچکاہے ۔ والد ایک دکان پر بطور ملازم کام کرتے ہیں۔ مکان پر تیس سالہ اہلیہ آرتی ،بڑی بیٹی (۶) دوسری شالنی (۴) اور کامنی (۲) گاؤںمیں ہی رہتی تھیں ،گزشتہ شب کھانا کھاکر آرتی اپنی دونوں چھوٹی بیٹیوںکو لیکر سوگئیں ۔ پاس میں رکھے اسٹول پر چراغ جل رہاتھا ۔ بڑی بیٹی جاکر دوسری جگہ پر اپنے دادا للو کے ساتھ سوگئی ۔ اچانک رات میں مکان میں آگ کے شعلے نکلتے دیکھ کر گاؤں والوں نے آگ پر قابو پایا آرتی اور دونوں بیٹیوں شالنی اور کامنی کو جھلسا دیکھ کر گاؤں والے ضلع اسپتال لارہے تھے تینوں کی راستے میں ہی موت ہوگئی۔ موقع پرپہنچے سہجنواں ایس او شیام لال یادو نے لاشوں کو قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا۔ پرشورام کو حادثہ کی اطلاع دے دی گئی ہے ۔