لکھنؤ(نامہ نگار)عالم باغ پولیس نے قتل، لوٹ، اغوا اور ڈکیتی ڈالنے والے تین بدمعاشوں کو دوشنبہ کے روز چارباغ کے نزدیک سے گرفتار کیا۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے کاربائن، پستول، ریوالور، کار و ایک موٹرسائیکل برآمد کی ہے۔ پکڑے گئے بدمعاشوں کے دو اہم ساتھی ہنوز فرار ہیں پولیس ان کی تلاش میں مصروف ہے۔
ایس ایس پی راجیش پانڈے نے بتایا کہ دوشنبہ کو عالم باغ پولیس نے مخبر و سرویلانس کی مدد سے چارباغ ریلوے اسٹیشن کے پیچھے چائے کی دکان پر موجود تین بدمعاشوں عالم باغ کے سونو، تروینی نگر کے سنتوش اور قیصر باغ کے عاطف کو گرفتار کیا۔ پولیس نے ان کے قبضے سے ایک کاربائن، ایک پستول، ایک ریوالور، کارتوس، ایک انڈیکا کار و ایک موٹرسائیکل برآمد کی۔
پوچھ گچھ کی گئی تو بدمعاشوں نے بتایا کہ وہ لوگ بہرائچ کے انل اور روہت شرما کیلئے کام کرتے ہیں۔ ملزم انل کا بہرائچ کے نانپارا کوتوالی میں ’گینگ-۲۲ -ڈی‘ رجسٹریڈ ہے۔ انل سبھاش نام کے ایک بدمعاش کے لئے کام کرتا ہے۔ دسمبر ۲۰۱۴ میں نانپارا میں ایل آئی سی ایجنٹ اشوک کمار گپت کا قتل کر دیا گیا تھا۔ جنوری ماہ میں اسی گروہ نے گومتی نگر علاقہ میں امر سنگھ کے گھر ڈکیتی ڈالنے کی کوشش کی تھی لیکن موقع سے ہی کچھ بدمعاش پکڑے گئے تھے۔ پکڑے گئے بدمعاشوں نے پولیس کو بتایا کہ وہ لوگ انل و روہت کے ساتھ مل کر کسی کاروباری کے اغوا کی اسکیم بنا رہے تھے۔ اب عالم باغ پولیس فرار انل و روہت کی تلاش میں مصروف ہے۔ انسپکٹر عالم باغ وکاس پانڈے نے بتایا کہ پکڑے گئے بدمعاشوں کی پہلے سے بھی مجرمانہ تاریخ رہی ہے۔