لکھنؤ(بیورو)چیف سکریٹری آلوک رنجن نے آج سبھی منطقائی کمشنروں اور ضلع مجسٹریٹوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے کام میں تیزی لائیںاور مستفیدین کو مستفید کرانے کیلئے پروجیکٹس کو معیار کے ساتھ مقررہ مدت میں مکمل کرائیں۔ انہوںنے کہا کہ سینئر افسر اپنی ذمہ داریوں کو اس طرح پورا کریں کہ عام آدمی کو یقین ہو جائے کہ حکومت ان کیلئے کام کر رہی ہے۔ ریاست میں نظم ونسق کو مزید بہتر بنانے کیلئے سبھی ضلع مجسٹریٹ اور پولیس سپرنٹنڈنٹ مستقل طور سے ہر ماہ نظم ونسق کا جائزہ لیں۔ حساس واردات پر خاص نظر رکھی جائے اور جائے واردات پر سینئر افسر خود پہنچ کر شفافیت کے ساتھ نمٹارہ کرائیں۔
پنچایت انتخاب کے پیش نظر گاؤں سطح پر جائزہ لے کر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کارروائی یقینی بنائی جائے تاکہ کوئی ناخوشگوار واردات نہ ہونے پائے۔ انہوں نے کہا کہ ہر تھانہ میں دو گاڑیوں کا بندوبست کرایاجارہا ہے تاکہ کسی بھی قسم کی واردات ہونے پر متعلقہ تھانہ کی پولیس جائے واردات پر فوراً پہنچ سکے۔ چیف سکریٹری آج تلک ہال میں چیئر مین ریوینو بورڈ، پرنسپل سکریٹری داخلہ ، ڈی جی پی اور زرعی پیداوار کمشنر کے ساتھ منطقائی کمشنروں اور ضلع مجسٹریٹوں و چیف ڈیولپمنٹ افسران کے ساتھ جلسہ کر کے ترقیاتی کاموں اور نظم ونسق کا جائزہ لے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ضلع میں کم سے کم دو بیسک اسکولوں میں انگلش میڈیم سے تعلیم فراہم کرانے کیلئے ہدایت دی گئی ہے۔ اسکولوں میں فرنیچر کا بندوبست یقینی بنانے کیلئے پہلے مرحلہ کیلئے ۲۰۰ کروڑ روپئے کا بندوبست کیاگیا ہے۔ سرکاری اسپتالوں میں گندگی کو دور کرنے کیلئے ۱۵دن میں مہم چلانے کی ہدایت دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کیلئے ۷کروڑ روپئے کابندوبست کیا گیا ہے۔ چیف سکریٹری نے یہ واضح ہدایت دی کہ ترقیاتی کاموں میں لاپروائی کسی بھی سطح پر برداشت نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مزدوروں کے ہونہار بچوں کی حوصلہ افزائی کیلئے ہونہار طلباء اسکیم کے تحت مستفید کرانے کا بندوبست کیا گیا ہے۔ اس موقع پر چیئر مین ریوینو بورڈ انل کمار گپتا نے اپنے خطاب میں کہا کہ ریوینو محکمہ میں مہم چلا کر ۱۳۶۶۰لیکھ پالوں کی بھرتی کی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ جائزہ جلسہ میں پرنسپل سکریٹری داخلہ دیواشیش پنڈا اور ڈی جی پی نے بھی موجود افسران کو ضروری ہدایت دے کر ریاست میں نظم ونسق برقرار رکھنے کیلئے اپنے کاموں پر اور زیادہ تیزی لانے پر زور دیا۔