پنا: مدھیہ پردیش کے پنا ٹائگر ریزرو میں گزشتہ تین ماہ کے اندر تین شیرنیوں نے چھ بچوں کو جنم دیا ہے جس سے ٹائگر ریزرو میں موجود تمام بالغ چھ شیرنیاں اپنے 15 سے زیادہ بچوں کی پرورش کر رہی ہیں۔اس وقت یہاں شیروں کی کُل تعداد 32 ہوگئی ہے جبکہ 8 نر شیر باہر ہیں۔
واضح رہے کہ شیر کی موجودگی جنگل کی بہتری کاثبوت ہے اور پنا جنگل شیروں کیلئے مناسب پناہ گاہ ثابت ہوا ہے ۔شیر بازآبادکاری منصوبہ شروع ہونے کے بعد گزشتہ پانچ برسوں میں یہاں 41 ننھے شیروں کی پیدائش ہوئی جن میں صرف چھ کی موت ہوئی ہے اس طرح یہاں شیر کے بچوں کے زندہ رہنے کی شرح 85 فیصد سے بھی زیادہ ہے جو کسی معجزہ سے کم نہیں ہے ۔ پنا ٹائگر ریزرو کے ریجنل ڈائرکٹر آر شری نواس مورتی اس انوکھی کامیابی کا سہرا اپنی ٹیم اور پنا اور بندیل کھنڈ کے تمام عام و خاص لوگوں کے دیتے ہیں۔