مصر کی فوج نے اعلان کیا ہے کہ سینا کے علاقے میں داعش دہشت گرد گروہ کے سو عناصر کو ہلاک کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق مصری فوج نے اعلان کیا ہے کہ شمالی مصر میں واقع صوبے سینا کی مختلف چیک پوسٹوں پر تکفیری دہشت گردوں کے بدھ کے روز کے حملوں اور فوج کی جوابی کارروائی میں داعش دہشت گرد گروہ کے کم از کم سو عناصر ہلاک ہوئے ہیں-حکومت مصر نے اپنے سترہ فوجیوں کے مارے جانے کی تصدیق کی ہے۔ اس سے پہلے آمدہ خبروں میں ہلاک ہونے والے مصری فوجیوں کی تعداد تیس سے ساٹھ تک بتائی گئی تھی۔ مصر کے ایک سیکورٹی عہدیدار نے بھی کہا ہے کہ ایک سو بیس تکفیری دہشت گردوں نے بھاری ہتھیاروں اور گولہ بارود سے بھری گاڑیوں کا استعمال کرتے ہوئے شمالی مصر میں واقع سینا کے علاقے میں فوجی مراکز پر حملہ کیا- مصر کے اس سیکورٹی عہدیدار کے مطابق ان تکفیری دہشت گردوں نے گولہ بارود کی حامل تین گاڑیوں سے العریش میں مصری فوجی افسروں کے مرکز، السدرہ کے سیکورٹی مرکز اور شیخ زوید میں ابو رفاعی سیکورٹی مرکز کو نشانہ بنایا- ولایت سینا نامی گروہ نے، جو داعش تکفیری دہشت گرد گروہ سے وابستہ ہے، بدھ کے روز سینا کے علاقے میں ہونے والے اس خونریز حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے- واضح رہے کہ حالیہ مہینوں کے دوران مصر کے مختلف علاقوں خاص طور سے سینا کے علاقے میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں میں سیکڑوں کی تعداد میں فوجی و سیکورٹی اہلکار مارے گئے ہیں-