امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں واقع امریکی بحریہ کے اڈے کو فائرنگ کی اطلاعات کے بعد بند کر دیا گیا ہے۔
اس اڈے پر کام کرنے والے ملازمین کو محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ٹی وی چینلوں پر دکھائے گئے مناظر میں بیسیوں کی تعداد میں پولیس کی گاڑیوں اور پولیس اہلکاروں پر موقعے پر دیکھا جا سکتا ہے۔
پولیس اہلکار بحری اڈے میں واقع عمارتوں کی تلاشی لے رہے ہیں لیکن تاحال انھیں نہ تو حملہ آور اور نہ ہی کوئی زخمی ملا ہے۔
واضح رہے کہ واشنگٹن کے جنوب مشرقی علاقے میں پھیلے ہوئے اس فوجی کمپلیکس میں سنہ 2013 میں بھی فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا۔
اس واقعے میں ایک سابق کنٹریکٹ ملازم آرون ایلیکسس نے فائرنگ کر کے 12 افراد کو ہلاک اور تین کو زخمی کر دیا تھا۔
امریکی دارالحکومت میں واقع اس نیوی یارڈ میں تقریباً تین ہزار افراد کام کرتے ہیں۔
امریکی نیوی کے مطابق واشنگٹن نیوی یارڈ امریکی بحریہ کا سب سے پرانا ساحلی ٹھکانا ہے اور اسے پہلی بار 19 ویں صدی میں کھولا گیا تھا۔