لکھنو:مڑیاو¿ں علاقے میں رہنے والے ایک پتائی کاریگر نے گھریلو تنازعہ کے سبب پھانسی لگاکر اپنی جان دے دی۔ پولیس کا کہناہے کہ کاریگر شراب کا عادی تھا اور آئے دن کنبہ والوں سے جھگڑا کرتارہتاتھا وہیں چوک واقع رام منوہر لوہیا پارک میں ایک زیورات کاریگر نے زہریلی شئے کھالی ۔ پولیس نے اس کو ٹراما سینٹر میں داخل کرایا جہاں اس کی موت ہوگئی۔
انسپکٹر سنتوش سنگھ نے بتایا کہ کملا پور بدھولی گاو¿ں میں ساٹھ سالہ پھول چندر اپنی اہلیہ پھول متی اور پانچ بچوں کے ساتھ رہتاتھا۔ پھول چندر پتائی کا کام کرتا تھا اور حد سے زیادہ شراب پینے کا عادی تھا۔ بتایا جاتاہے کہ گزشتہ شب بھی پھول چندر کا شراب کیلئے روپئے مانگنے کے سلسلے میں گھر والوں سے جھگڑا ہواتھا اس کے بعد وہ گھر کے پیچھے ایک خالی پلاٹ کے طرف چلاگیا۔
اس کے بعد کنبہ والے بھی سو گئے صبح جب کنبہ والے سو کر اٹھے تو دیکھا کہ پھول چندر کی لاش پلاٹ میں لگے نیم کے درخت میں ساڑی کے سہارے لٹک رہی تھی۔ اطلاع پاکر موقع پر پہنچی پولیس نے تفتیش کرکے پھول چندر کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔ پولیس کا کہناہے کہ گھریلو جھگڑے کے سبب اس نے خود کشی کرلی۔ اس کے علاوہ مڑیاوں کے ہری اوم نگر باشندہ ۲۵ سالہ راکیش شکلا زیورات بنانے کا کام کرتاتھا۔ اس نے کام کیلئے کچھ روپئے قرض لئے تھے۔ بتایا جاتاہے کہ اس کو کام میں نقصان ہوگیا تھا۔اس کے بعد سے وہ ذہنی طور پر پریشان رہنے لگا تھا۔ بتایا جاتاہے کہ جمعہ کی صبح وہ اپنے گھر سے نکلاتھا۔ دوپہر کو وہ چوک واقع رام منوہر لوہیا پارک پہنچا اور اس نے پارک میں زہریلی شئے کھالی۔
لوگوں نے جب راکیش کی حالت بگڑتے دیکھی تو اطلاع پولیس کو دی۔ موقع پر پہنچی چوک پولیس نے اس کو علاج کیلئے ٹراما سینٹر میں داخل کرایا جہاں اس کی موت ہوگئی چوک پولیس نے اس بات کی خبر اسکے کنبہ والوں کو دے دی۔