سلمان اور کرینہ کپور کی فلم ’بجرنگي بھائي جان‘عید کے موقعے پر ریلیز ہو گی
بالی وڈ میں اپنی ’دریادلی‘ کے لیے معروف اداکار سلمان خان کا کہنا ہے کہ لوگوں کی مدد کرنے کے پس پشت ان کا مقصد اپنی شبیہ بہتر بنانا نہیں ہے۔
’ہٹ اینڈ رن‘ کے ایک معاملے میں ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی جاری ہے اور اس بارے میں ان کا کہنا ہے کہ ’اس حادثے سے پہلے میری ایسی کون سی شبیہ خراب تھی جو میں تبدیل کرنا چاہتا ہوں؟‘
سلمان کے مطابق خیراتی کام ان کے خاندان کو وراثت میں ملا ہے۔
جلد ہی فلم ’بجرنگي بھائی جان‘ میں نظر آنے والے سلمان خان کا کہنا ہے کہ ’کتے بھی اپنا کھانا گلی کے کتوں کے ساتھ بانٹتے ہیں۔‘
سلمان خان کی فلم ’بجرنگی بھائی جان‘ کی شوٹنگ کشمیر میں ہوئی ہے
سلمان کہتے ہیں کہ اگر کوئی ان سے ’مقابلہ کرنا چاہتا ہے تو خیراتی کاموں میں کرے، نہ کہ فلموں کی کمائی میں۔‘
تاہم سلمان یہ بھی کہتے ہیں کہ ان کے لیے یہ پتہ لگانا کئی بار مشکل ہوتا ہے کہ سامنے والا کہیں انھیں بیوقوف تو نہیں سمجھ رہا۔
سلمان بتاتے ہیں: ’بہت سے لوگوں نے تو ہمیں بیوقوف سمجھ ہی لیا ہے۔ سوچتے ہیں کہ چلو سلمان پیسے بانٹ رہا ہے، اس سے لے لو۔‘
ان کے مطابق: ’مجھے پتہ چلا کہ بہت سے لوگ کمیشن لیتے ہیں اور کہتے ہیں، ہم سلمان سے تمھیں پیسے دلا دیں گے لیکن بدلے میں مجھے دس فی صد دینا۔‘
سلمان خان نے اس فلم کی شوٹنگ کے بعد کرینہ کپور کو اپنی ایک پینٹنگ پیش کی
سلمان جب ’بجرنگي بھائی جان‘ کی شوٹنگ کے لیے کشمیر گئے تو انھوں نے ایک 75 سالہ بیوہ خاتون کی مدد کی اور ان کے پوتے کو فلم کے سیٹ پر کام بھی دلوا دیا۔
تاہم کشمیر پہنچنے پر انھیں سب سے زیادہ حیرت اس بات پر ہوئی کہ وہاں سنیما ہال نہیں ہے۔
سلمان خان کہتے ہیں: ’میں جب کشمیر کے لوگوں سے ملا تو میں نے ان سے پوچھا، یہاں سینیما ہال نہیں ہے تو آپ سب لوگ ہم فنکاروں کو کیسے پہچانتے ہیں؟ وہ کہنے لگے کہ ڈی وی ڈی پر دیکھتے ہیں، پورے خاندان کے ساتھ۔‘