لندن………لندن میں ٹیوب ٹرین ملازمین کی ہڑتال نے نظام زندگی درہم برہم کردیا۔ دن بھر لوگ دفاتر جانے کو ترستے رہے اور وقت پر منزل پر پہنچنا جوئے شیر لانے کے مترادف رہا۔ لندن کے ٹیوب ٹرین ملازمین کی ہڑتال نے شہر کی رونق ماند کردی ہے۔
جو ٹرینیں لوگوں کو شہر کے ایک کونے سے دوسرے کونے تک چندم نٹوں میں پہنچاتی تھیں، وہ پارکنگ لاٹ کا منظر پیش کررہی ہیں۔ جس کے سبب کام پر جانیوالوں کے لیے زندگی اذیت ناک بن گئی ہے۔ ہڑتالی ملازمین رات بھر سروسز کے خلاف بدھ کی شام 6بجےسے احتجاج کررہے ہیں اور ان کے سبب لاکھوں افراد متاثر ہوئے۔ لندن کے مئیر بورس جانسن نے ہڑتالی یونین کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ بسوں میں بے پناہ رش رہا، صاحب حیثیت افراد نے ٹیکسیوں کے ذریعے منزل تک پہنچنےکی کوشش کی، تاہم لوگوں کی اکثریت ٹرینوں کی راہ دیکھ دیکھ کر گھر لوٹ گئی۔