دولت اسلامیہ عراق وشام ‘داعش’ نے پیر کے روز ایک آڈیو ٹیپ جاری کی ہے جس میں انتہاپسند تنظیم کے افغانستان میں رہنما کی آواز سنائی گئی ہے۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ انہیں ایک امریکی ڈرون حملے میں مار دیا گیا ہے۔
یہ پیغام جو کہ مبینہ طور پر حافظ سعید کی جانب سے جاری کیا گیا ہے افغان انٹِلی جینس کی جانب سے ان کی ہلاکت کے اعلان کے دو روز بعد جاری کیا گیا ہے۔
اس آڈیو ٹیپ کی کسی غیر جانبدار ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔
افغانی انٹیلی جنس کا کہنا تھا کہ حافظ سعید کو افغان صوبے ننگرہار کے آچن ضلع میں ڈرون حملے کے ذریعے سے نشانہ بنایا گیا تھا۔ سعید پاکستانی شہری ہیں۔
سعید نے پچھلے سال کے دوران اپنی وفاداری تبدیل کرتے ہوئے تحریک طالبان سے نکل کر داعش میں شمولیت اختیار کرلی تھی اور خلیفہ بغدادی کی بیعت کر لی تھی۔
امریکا نے حالیہ دنوں میں افغانستان میں داعش کے رہنمائوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ شروع کررکھا ہے اور گزشتہ ایک ہفتے کے دوران تین دیگر داعشی رہنما بھی ہلاک ہوچکے ہیں جن میں شاہداللہ شاہد اور گل زمان شامل ہیں۔
داعش کے جنگجوئوں نے گزشتہ دو مہینوں کے دوران افغانستان کے صوبے ننگرہار کے مختلف اضلاع سے طالبان کے جنگجوئوں کو نکال کر اپنا اثر ورسوخ جما لیا ہے۔