کوئٹہ: غیر قانونی طور پر ایران کی سرحد عبور کرنے والے 124 پاکستانیوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ایران کی جانب سے پاکستان کو بتایا گیا ہے کہ گرفتار ہونے والے پاکستانیوں کو تافتان میں پاکستانی حکام کے حوالے کردیا گیا ہے۔
پاکستانی سرحدی حکام نے ڈان کو فون کے ذریعے بتایا کہ ’ایران میں گرفتار ہونے والے افراد کا تعلق پنجاب کے مختلف علاقوں سے ہے اور وہ ایران میں غیر معروف راستوں کے ذریعے سے داخل ہوئے جبکہ ان کے پاس سفری دستاویزات بھی نہیں تھیں‘۔
ایران میں گرفتار ہونے والے ان پاکستانیوں کو وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے حوالے کردیا گیا ہے۔
مذکورہ پاکستانی شہریوں نے یورپ براستہ ترکی جانے کے لیے پنجاب کے مختلف علاقوں میں ایجنٹس کو بھاری رقم فراہم کی تھی، تاہم ایران کے علاقے تافتان سے گزرتے ہوئے ان کو گرفتار کرلیا گیا۔
خیال رہے کہ ہر سال ایف آئی اے ہزاروں ایسے پاکستانیوں کو تافتان اور بلوچستان کے سرحدی علاقوں سے گرفتار کرتی ہے جو نوکری کی تلاش میں غیر قانونی طور پر یورپ جانے کے خواہش مند ہوتے ہیں۔