لندن: ایک سو ایک برس کی ضعیف العمر برطانوی خاتون نے 94 میٹر بلند ٹاور سے بلاخوف وخطر رسی کے ذریعے نیچے اترنے کا خطرناک مظاہرہ کیا۔
برطانوی روزنامے گارجین کی رپورٹ کے مطابق ضعیف العمر خاتون لندن کے مضافات میں بلند ترین بلڈنگ سے ہوا میں معلق ہوکر نیچے اُترآئیں۔
ڈورس لونگ نے برطانوی اخبار کو بتایا ’’مجھے بالکل خوف نہیں محسوس ہوتا، اور کبھی نہیں ہوا، میں بہت متحمل مزاج ہوں۔‘‘
موسم کی رکاوٹوں کے باوجود ڈورس لونگ نے کہا کہ ان کے اندر یہ امید زندہ ہے کہ وہ اگلے سال ایک سو دو برس کی عمر میں اس ٹاور سے دوبارہ رسی کے ذریعے نیچے اتریں گی۔
ایک 42 سالہ خاتون جینی واٹسن جو دو بچوں کی ماں بھی ہیں، انہوں نے ایک دن پہلے بلندی سے رسی کے ذریعے نیچے اترنے کا مظاہرہ کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ڈورس لونگ کو اپنے لیے حقیقی معنوں میں مثال سمجھتی ہیں۔
جینی نے کہا کہ ’’میرا خیال ہے کہ وہ انتہائی حیرت انگیز اور حقیقی معنوں میں ہمارے لیے مثال ہیں۔ آپ کو رسّی کے ذریعے نیچے اترنے میں بہت چست اور پھرتیلا بننا پڑتا ہے، لیکن اس سے کہیں زیادہ یہ بہادری کا کام ہے۔ مجھے نہیں پتہ کہ انہوں نے یہ کیسے کیا۔‘‘
ڈورس جن کی عرفیت بہادر ڈورس ہے، کہتی ہیں کہ میں نے رسّی کے ذریعے بلندی سے اترنے کا مظاہرہ اپنی ریٹائرمنٹ کے وقت سے نہیں شروع کیابلکہ یہ کام میں نے 85 برس کی عمر میں شروع کیا تھا۔