لکھنؤ(نامہ نگار)عید نزدیک آتے ہی بازاروں میں خریداروں کی بھیڑ میں اضافہ شروع ہو گیا ہے۔ شہر کے بازاروں میں خریدار دیر رات تک عیدکی خریداری کرنے میں مصروف ہیں۔ نوجوان لڑکے اور مرد عید کی نماز کیلئے کرتا و پائیجامہ خریدتے نظر آرہے ہیں وہیں خواتین گھر کے سجاوٹی سامان کے ساتھ ہی کپڑوں کی خریداری کر رہی ہیں۔ پرانے لکھنؤ کے نخاس ، اکبری گیٹ ، امین آباد، نظیر آباد ودیگر بازاروں سے لے کر شاپنگ مال تک میں خریداروںکی بھیڑ دیر رات تک خریداری میں مصروف رہتی ہے۔
ٹی وی سیریلوں میں اداکاروں کے پہنے جانے والے کپڑوںکی بازار میں کافی مانگ ہے۔ نخاس اور امین آباد میں کپڑوں کی دکانوں پر آنے والے نوجوان لڑکے بجرنگی بھائیجان کے کرتے کی مانگ کر رہے ہیں کئی طرح کے رنگوں کے کرتے کی مانگ کے درمیان سبز رنگ کے کرتے کی اپنی الگ ہی بات ہے۔ یہ کہنا ہے کہ نظیر آباد میں کرتا خریدنے آئے نادر گنج کے عمران کا۔ اسی کے ساتھ کرتا و پائیجامہ پر پہننے کیلئے سینڈل کے بازار میں ناگرا کی مانگ ہے۔ کڑھائی والے راجستھانی ناگرے نہ صرف کرتے پائیجامے اور پٹھانی سوٹ بلکہ جینس و شرٹ پر بھی خوبصورت نظر آتے ہیں۔ لڑکیوں میں ٹی وی چینلوں پر آنے والے کئی سیریلوں کی اداکاراؤں کے پہنے سوٹوں کی مانگ ہے۔ پٹیالہ سوٹ، کراچی سوٹ، گاؤن والا سوٹ دکانوں پر آسانی سے دیکھے جا سکتے ہیں۔ لڑکیاں عید کیلئے سوٹوں کے ساتھ ہی میچنگ کی سینڈل، چوڑیاں اور ہینڈ بیگ وغیرہ کی خریداری میں مصروف ہیں۔