لکھنؤ(نامہ نگار)منگل کی شام تار لگی پتنگ کی وجہ سے بجلی کی فراہمی متاثر ہونے سے پرانے لکھنؤ کے صارفین کو بجلی کے بحران کا سامنا کرنا پڑا۔ پرانے لکھنؤ کے روزہ داروں کو اندھیرے میں کافی پریشانی ہوئی۔ دو گھنٹے کے بعد بجلی کی فراہمی بحال ہونے پر لوگوں نے راحت کی سانس لی۔ منگل کی دیر شام تقریباً ۸بجے ۱۳۲کے وی نیبوپارک سپلائی سب اسٹیشن کے بجلی کے تاروں پر پتنگ کا تار گر گیا۔ جس کی وجہ سے سب اسٹیشن کے سبھی ۳۳کے وی فیڈروں کی سپلائی بند ہو گئی۔نیبو پارک سب اسٹیشن کے ٹھپ ہونے سے راجدھانی کے ۹سب اسٹیشنوں کی بجلی فراہمی بھی بند ہوگئی۔ جس کی وجہ سے پورے پرانے لکھنؤ میں بجلی کی فراہمی بند ہونے سے روزہ داروں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ دیر شام آٹھ بجے متاثر ہوئی بجلی کی فراہمی رات تقریباً دس بجے بحال ہو سکی۔ نیبو پارک سب اسٹیشن سے اس مدت میں میڈیکل کالج، وکٹوریہ اسٹریٹ، گئو گھاٹ، نادان محل روڈ، چوپٹیاں یکہ اسٹینڈ، ریزیڈنسی سب اسٹیشنوں سے منسلک علاقوں میںبجلی غائب رہی۔
منگل کو فالٹ کے سبب کئی علاقوں کی بجلی غائب رہی۔ گیارہ کے وی لائن فالٹ کی وجہ سے وکاس نگر علاقہ میں رات تقریباً ۱۲بجے سے ڈیڑھ بجے تک بجلی غائب رہی۔ وہیں اندرا نگر علاقہ کی بجلی بھی گیارہ کے وی فالٹ کی وجہ سے رات میں بارہ بج کر ۵۵منٹ سے ساڑھے تین بجے تک بند رہی۔ چنہٹ سب اسٹیشن کے تکروہی فیڈر کے تحت ۴۰۰ کے وی اے کا ٹرانسفارمر خراب ہونے سے رات تقریباً ۲بجے سے چار بجے تک بجلی بند رہی۔ چندر نگر کے ریل نگر فیڈر کے بریک ڈاؤن کی وجہ سے رات تقریباً ڈیڑھ بجے سے ڈھائی بجے تک بجلی غائب رہی۔ فتح گنج سب اسٹیشن کے ہنس کھیڑا علاقہ کی بجلی سپلائی صبح گیارہ بجے سے شام سات بجے تک بند رہی۔ چوپٹیاں میں ککڑ پارک کے نزدیک ٹرانسفارمر کی مرمت کے سبب گیارہ بجے سے دو بجے تک بجلی فراہمی متاثر رہی۔ وہیں گومتی نگر کے وشواس کھنڈ سب اسٹیشن میں دس ایم وی اے پاور ٹرانسفارمر کی مرمت کے سبب ڈھائی بجے سے ساڑھے تین بجے تک بجلی فراہمی متاثر رہی۔ کلیان پور علاقہ میں اے بی سی وائر خراب ہونے سے بارہ بجے سے چھ بجے تک ، نیو عالم باغ سب اسٹیشن کے تحت مرمت کے کام کی وجہ سے ۱۲بجے سے ساڑھے چار بجے تک بجلی کی فراہمی بند رہی۔ او سی آر سب اسٹیشن میں تکنیکی خرابی کے سبب شام چار بجے سے رات ۹بجے تک بجلی کی فراہمی متاثر رہی۔ چنہٹ کے تحت گہمر کنج کالونی میں رات تقریباً ۳۰:۱۱بجے سے ایک بجے تک اور صبح تقریباً ۶بجے سے دوپہر تک بجلی غائب رہی۔