اوٹاوا: کینیڈا ایک بار پھر دنیا کا بہترین ملک بن گیا، اس اعزاز پر کینیڈین مبارکباد کے مستحق ہیں، کیونکہ کینیڈا نے دنیا کا بہترین ملک ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ کینیڈا کو یہ اعزاز رپیوٹیشن انسٹی ٹیوٹ کی حال ہی میں جاری ہونے والی ایک رپورٹ میں دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال کینیڈا اپنے اس اعزاز سے سوئٹزرلینڈ کے ہاتھوں محروم ہو گیا تھا۔ انسٹی ٹیوٹ نے جی ڈی پی کے اعتبار سے دنیا کے سب سے بڑے ملکوں میں فروری سے مارچ کے دوران 48 ہزار افراد کا سروے کیا۔ انسٹی ٹیوٹ کے عہدیدار فرنینڈو پراد نے سی ٹی وی کے کینیڈین نمائندے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس اعزاز کے لیے کینیڈا کی حکومت، یہاں کے لوگ اور یہاں بدعوانی کا نہ ہونا تعریف کا مستحق ہے۔ رپورٹ نے تاہم یہ بھی کہا ہے کہ کینیڈا کا عالمی تہذیب و تمدن میں کوئی خاص کردار نہیں۔ انسٹی ٹیوٹ نے جن عوام کی بنیاد پر کینیڈا کو یہ اعزاز دیا ہے کہ ان میں موثر حکومت، پرکشش ماحول اور مضبوط معیشت شامل ہیں۔ کینیڈا نے مجموعی طور پر 78.1 پوائنٹس حاصل کیے ہیں جبکہ ناروے ایک پوائنٹ کی کمی سے دوسرے نمبر پر ہے اور سویڈن ڈیڑھ پوائنٹ کی کمی سے تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہا ہے۔