جموں، 17 جولائی (یو ا ین آئی) سخت ترین حفاظتی انتظامات کے بیچ وزیر اعظم نریندر مودی جمعہ کے روز سابق کانگریسی رہنما گرداری لال ڈوگرہ کی سویں سالگرہ کے حوالے سے منعقد کی جانے والی تقریب میں شرکت کیلئے یہاں پہنچ گئے ۔مذکورہ تقریب کا انعقاد گرداری لال ڈوگرہ میموریل ٹرسٹ کی جانب سے جموں یونیورسٹی کے جنرل زور آور سنگھ آڈیٹوریم میں کیا جارہا ہے ۔ مسٹر مودی نے تقریب میں شریک ہونے سے قبل ڈوگرہ کی زندگی پر مبنی تصویری نمائش کا افتتاح کیا۔گرداری لال ڈوگرہ موجودہ مرکزی وزیر خزانہ ارون جیٹلی کے سسر تھے ۔مرکزی وزیر جتیندر سنگھ، جموں وکشمیر کے گورنر این این ووہرا، وزیر اعلیٰ مفتی محمد سعید، کانگریس ممبران پارلیمنٹ کرن سنگھ اور غلام نبی آزاد اس تقریب میں شرکت کررہے ہیں۔مسٹر مودی کی آمد کے پیش نظر یہاں سیکورٹی کے سخت بندوبست کئے گئے ہیں۔جنرل زور آور سنگھ آڈیٹوریم کے نزدیک واقع تمام حساس اور اہم چیک پوائنٹس پر ریاستی پولیس اور نیم فوجی دستوں کی تعیناتی عمل میں لائی جاچکی ہے جبکہ مشتبہ نقل وحرکت پر کڑی نگاہ رکھنے کیلئے سراغرساں کتوں اور سیول کپڑوں میں ملبوس سیکورٹی فورسز اہلکاروں کو وہاں تعینات کیا گیا ہے ۔
یو این آئی ظ ح بٹ ۔ایم اے ۔م الف۔1422NNNN