میلبورن: آسٹریلوی حکومت نے بلیوں کے خلاف اعلان جنگ کر دیا ہے جس کے تحت آئندہ 5 سالوں میں لاکھوں بلیوں کو ختم کیا جائے گا۔ بلیوں کے خلاف اعلانِ جنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا کے وزیر ماحولیات گریگ ہنٹ نے میلبورن کے چڑیا گھر میں 5 سالہ حکومتی منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 2020 تک 20 لاکھ مقامی بلیوں کو مارا جائے گا تاکہ ملک کے مقامی ممالیہ (دودھ پلانے والے جانور) اور پرندوں کا تحفظ کیا جا سکے۔ وزیر ماحولیات کا کہنا تھا کہ بلیاں چھوٹے چوہوں اور جانداروں کا بھی شکار کر رہی ہیں جو ماحول اور زراعت کے لیے مفید ہیں اس کے علاوہ لگ بھگ 120 نایاب جانوروں کو براہِ راست یا بالراست ان بلیوں سے خطرات لاحق ہیں کیونکہ وہ ان کی خوراک بھی ختم کر رہی ہیں۔ منصوبے کے تحت سال 2020 تک 5 نئے جزائر اور ملک کے 10 مختلف علاقوں میں 20 لاکھ بلیوں کو ختم کر کے ایک کروڑ ہیکٹر زمین کو بچایا جائے گا۔ آسٹریلیا نے ان بلیوں کو قدرتی ماحول کے لیے خطرہ قرار دیا ہے اور ان کے خاتمے پر ملک کے تمام اداروں اور صوبوں نے بھی اتفاق کیا ہے جس کے تحت انہیں زہر خورانی اور فائرنگ سے مارا جائے گا۔ رپورٹ کے مطابق 20 لاکھ بلیاں روزانہ لاکھوں مقامی جانوروں کو ہلاک کر رہی ہیں اور اس کے مقامی جاندار بہت تیزی سے ختم ہورہے ہیں جن میں پرندے بھی شامل ہیں۔