سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک کا جادو تو آج کی نسل کے سر پر چڑھ کر بول رہا ہے اور یہی نتیجہ ہے کہ اس کے بانی مارک زیوکربرگ دنیا کے امیر ترین فرد بننے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔
مارک زیوکربرگ نے دنیا کے امیر ترین فرد بننے کی راہ میں ایک سیڑھی اور طے کرلی۔
فیس بک کے بانی اب دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں 9 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں اور معروف کمپنی اکیا کے بانی انگوار کمپارڈ کو 10 ویں پر دھکیل دیا۔
31 سالہ زیوکربرگ کی اثاثوں کی مالیت 43.1 ارب ڈالرز تک بڑھ چکی ہے ، جس میں سے رواں برس اب تک 8.6 ارب ڈالرز کا اضافہ ہوا۔
فیس بک کے شیئر کی مالیت نے بھی منگل کو ریکارڈ 98.39 ڈالرز کی سطح کو چھوا اور ماہرین کا ماننا ہے کہ اس کے حیرت انگیز نتائج آئندہ ہفتے تک سامنے آئیں گے۔
فیس بک کے شیئرز کی مالیت میں رواں برس 25 فیصد اضافہ ہوچکا ہے اور وہ مارکیٹ میں 275 ارب ڈالرز کی کمپنی بن چکی ہے۔
فیس بک کے بانی کو اب 8 ویں نمبر پر پہنچنے کے لیے محض تیس کروڑ ڈالرز مزید درکار ہیں تاہم وہ اب بھی دنیا کے امیر ترین شخص بل گیٹس سے کافی پیچھے ہیں جن کے اثاثوں کا تخمینہ 85.2 ارب ڈالرز لگایا جاتا ہے۔
دوسرے نمبر پر امانسیو ارٹیگا 70.8 ارب ڈالرز اور وارن بفٹ 67.6 ارب ڈارلز کے ساتھ موجود ہیں۔