اقوام متحدہ میں شام کے مستقل مندوب نے کہا ہے کہ علاقے میں پائدار اور منصفانہ امن، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے ذریعے ہی قائم کیا جا سکتا ہے
اقوام متحدہ میں شام کے مستقل مندوب بشار جعفری نے، جمعرات کے روز ،مغربی ایشیا، عنوان کے تحت سلامتی کونسل کی ایک نشست میں شرکت کی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ علاقے میں امن معاہدہ، امن کے مقابلے میں زمین کی بنیاد پر حاصل کیا جاسکتا ہے- بشار جعفری نے کہا کہ دہشت گردی اور جارحیت کے مقابلے کے لئے ضروری ہے کہ اقوام متحدہ، امن کارروائی کے حامی ممالک کے ساتھ تعاون کرے- انہوں نے صیہونی حکومت پر بھی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ اس غاصب حکومت نے جبہۃ النصرہ جیسے دہشت گردوں کی حمایت کرکے اپنی جارحیتوں کی گھناؤنی تاریخ میں ایک نئے باب کا اضافہ کیا ہے- انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر اس حکومت کے اسپتالوں میں زیر علاج ہیں جو تمام بین الاقوامی معاہدوں کی خلاف ورزی کے ساتھ ساتھ انتہائی افسوسناک بات ہے- اقوام متحدہ میں شام کے مستقل مندوب بشار جعفری نے اقوام متحدہ سے درخواست کی کہ وہ، عرب-اسرائیل تنازعہ میں علیحدہ فلسطینی مملکت کی تشکیل اور فلسطینی پناہ گزینوں کی وطن واپسی کے مسائل کے حوالے سے اپنی تاریخی اور قانونی ذمہ داریوں پر عمل کرے- انہوں نے امریکہ اور علاقے کے بعض ممالک کی جانب سے دہشت گردوں کی حمایت کی مذمت کی اور علاقے کے عوام کے خلاف صیہونی جارحیت کے خاتمے کی کوشش جاری رکھنے کا مطالبہ کیا- بشار جعفری نے کہا کہ سعودی عرب اور قطر سمیت علاقے کے بعض ممالک کی جانب سے دہشت گردوں کی حمایت فوری طور پر بند ہونی چاہئے- انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خطرے سے نمٹنے کے لئے ٹھوس اقدام کی ضرورت ہے-