اقوام متحدہ نے فلسطینیوں کے سات سو اسکول بند ہو جانے کے سلسلے میں خبردار کیا ہے
فلسطین الآن ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق مشرق وسطی کے امور میں اقوام متحدہ کے نمائندے نیکولای ملادینوف نے جمعرات کو ایک اجلاس میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو خبر دار کیا کہ اگر مشرق وسطی میں فلسطینیوں کے اسکول کے بجٹ کا مسئلہ، حل نہ کیا گیا تو سات سو اسکولوں کے بند ہو جانے کا امکان ہے- نیکولای ملادینوف نے کہا کہ تقریبا پانچ لاکھ فلسطینی پناہ گزیں غرب اردن، غزہ پٹی، اردن، لبنان اور شام میں اقوام متحدہ کی سرپرستی میں قائم سات سو اسکولوں میں زیر تعلیم ہیں، جن کے تعلیم سے محروم ہو جانے کا امکان ہے اور یہ مسئلہ، فلسطینی نوجوانوں کے حقوق کی پامالی کے مترادف ہے اور اس کا مشرق وسطی میں قیام امن اور استحکام پر بھی منفی اثر پڑے گا- مشرق وسطی کے امور میں اقوام متحدہ کے نمائدے نے کہا کہ ان اسکولوں کو سو ملین ڈالر سے زیادہ، بجٹ خسارے کا سامنا ہے- نکلای ملادینوف نے مزید کہا کہ” انروا” کو مسلسل مالی مسائل کا سامنا رہا ہے لیکن موجودہ مالی بحران اب تک کا سب سے بڑا مالی بحران ہے-