ریاض ۔سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں سردی کی تازہ لہرکے ساتھ ساتھ تیز بارشوں اور بالائی علاقوں پر برفباری کی اطلاعات ہیں۔ سعودی عرب کے بڑے شہر مکہ مکرمہ میں تیز اور درمیانے درجے کی بارش سے سردی کی شدت میں غیرمعمولی اضافہ ہو گیا ہے۔ پہاڑی علاقوں پر برف باری بھی ہوئی ہے جس نے سردی کی شدت میں اضافہ کردیا ہے۔
مملکت کے ساحلی علاقوں بالخصوص شمال مغربی سعودی عرب کے تبوک شہر میں بھی برف باری اور تیز بارشوں کے نتیجے میں نظام زندگی متاثر ہوا ہے۔ تبوک مسلسل تیسرے روز بھی تیز بارشوں، ترکی اور شام کی سمت سے آنے والی سرد ہواؤں اور برفانی لہرکی زد میں ہے۔
مکہ مکرمہ، الیث گونری الغالہ، غمیقہ، الوسقہ، الشاقہ،خور الزواھر، حفار، ضلع دوقہ، المظیلف، احسبہ اور ضلع قنفذہ میں بھی تیز بارشیں اور بعض مقامات پر برف باری کی خبریں آئی ہیں۔ سعودی عرب کے محکمہ موسمیات کے مطابق مکہ مکرمہ، ریاض اور ساحلی شہروں ، طائف، القنفذہ اور ضلع الیث میں تیز ہوائیں چلنے اور بارشوں کا مزید امکان ہے۔
درایں اثناء ملک میں موسم کی خراب صورت حال کے پیش نظر محکمہ شہری دفاع نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ بندرگاہوں، پانی کے ڈیموں، برفانی راستوں اور بجلی کے گریڈ اسٹیشنوں کے قریب جانے سے سختی گریز کریں بالخصوص بچوں کو ایسے پرخطر مقامات کی طرف جانے سے روکیں۔