لکھنؤ:پنجاب کے گرداس پور میں ہوئے دہشت گردانہ حملے اور پٹریوں پر مائن ملنے کی اطلاع کے بعد چارباغ اور لکھنؤ جنکشن پر چیکنگ مہم چلائی گئی۔ ہائی الرٹ کے بعد راجدھانی کے چارباغ ، لکھنؤ جنکشن ، عالم باغ ، ڈالی گنج، بادشاہ نگر اور سٹی اسٹیشن پر مسافروں اور ہر آنے جانے والوں کی تلاشی لی گئی۔ جی آر پی اور آر پی ایف کو جیسے ہی پنجاب میں حملے کی اطلاع ملی ویسے ہی اسٹیشن پر آر پی ایف اور جی آر پی کے جوان مستعد ہوگئے۔ جوانوں نے اسٹیشن احاطہ میں تلاشی مہم چلائی۔ آر پی ایف اور جی آر پی کے جوانوں نے ساتھ میں مل کر اسٹیشن پر آنے جانے والے ہر مسافر اور اس کے بیگ کی تلاشی لی وہیں ڈاگ اور بم اسکواڈ نے بھی ہر آنے جانے والی ٹرین کی تلاشی لی۔ جوانوں نے مشتبہ دکھنے والوں کو پکڑ کر دیر تک پوچھ گچھ کی اور ان کے سامانوں کی بھی تلاشی لی۔ اس مہم میں آر پی ایف اور جی آر پی کے انچارج سمیت بڑی تعداد میں جوان موجود تھے۔ اسٹیشن اور ٹرینوں کے علاوہ اسٹیشن کے باہر پارکنگ اور پارسل گھر وڈاک گھر کی بھی جانچ کی گئی۔ وہیں مسافروں کو آگاہ بھی کیا گیا کہ مشتبہ دکھنے والے شخص کے بارے میں فوراً پولیس کو مطلع کریں۔ وہیں آر پی ایف اور جی آر پی کی جانب سے کہا گیا کہ اس طرح کی مہم روزآنہ چلائی جائے گی تاکہ کسی قسم کی انہونی سے بچا جاسکے۔ تلاشی مہم کے تحت آگرہ انٹر سٹی کے تحت ، راج رانی ایکسپریس ، اتسرگ ایکسپریس سمیت کئی ٹرینوں اور مسافروں کے سامانوں کی تلاشی لی گئی۔ لیکن وہاں بھی جوانوں کو کوئی مشتبہ سامان نہیں ملا۔ وہیں تلاشی مہم میں جی آر پی انسپکٹر کو مسافر کے پاس سے ایک رائفل ملی۔ جس کے بعد وہاں افرا تفری مچ گئی۔ لیکن رائفل کا معائنہ کرنے کے بعد سلامتی دستوں کو پتہ چلا کہ یہ رائفل لکڑی کی ہے۔ جس کے بعد سلامتی دستوں نے راحت کی سانس لی۔