ممبئی ؛ ممبئی کے قریب تھانے میں آج رات ایک تین منزلہ رہائشی عمارت اچانک منہدم ہوگئی جس کے نتیجہ میں دو افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے جبکہ کئی افراد کے ملبہ میں دبے ہونے کا شبہ ہے ۔ کہا گیا ہے کہ رات دیر گئے تک 22 افراد کو ملبے سے نکالا گیا ہے ۔ ملبے میں پھنسے ہوئے افراد کو نکالنے کا کام جاری ہے ۔ اطلاعات کے بموجب یہ عمارت ماٹری چھایا ٹھکرولی میں تھی جو رات 11 بجے منہدم ہوگئی ۔ اس عمارت تک جانے والے تنگ راستے اور غیر قانونی تعمیرات سے راحت و بچاو کاموں میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔ محکمہ فائر کے عہدیداروں نے کہا کہ اس عمارت کے انہدام سے متصل عمارت کو بھی نقصان پہونچا ہے ۔ ملبہ میں کم از کم 15 افراد کے دبے ہونے کا شبہ ہے جن میں بچے بھی شامل ہیں۔ کہا گیا ہے کہ شدید بارش کی وجہ سے یہ عمارت منہدم ہوئی ۔ مقامی افراد بچاؤ کاموںمیں مدد کر رہے ہیں ۔